تاجر ایکشن کمیٹی کا مارکیٹس رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ

188

کراچی: شہر قائد میں تاجر ایکشن کمیٹی نے مارکیٹس رات 10 بجے تک کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بھی کراچی میں جمعے کو کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دے۔ 
تاجر ایکشن کمیٹی کے صدر محمد رضوان نے اندرون سندھ کی طرح شہر قائد میں بھی مارکیٹس رات 10 بجے تک کھولنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت بھی کراچی میں جمعہ کے روز کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جس کے تحت لازمی سروسز کے سوا تمام تجارتی سرگرمیاں رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی۔ 
این سی او سی کی نئی ہدایات کے مطابق کراچی میں ہفتے کے 2 روز مارکیٹس بھی بند رہیں گے جبکہ نافذ کردہ تازہ ترین ایس او پیز پر 13 دسمبر کو دوبارہ نظرثانی کی جائے گی اور پابندی ہٹانے یا برقرار رکھنے سے متعلق فیصلہ ہو گا۔ 
دوسری جانب سندھ بھر میں سکول، کالجز اور جامعات سٹاف کی 100 فیصد ویکسی نیشن اور طلبہ کی 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھول دئیے گئے ہیں اور محکمہ تعلیم سندھ نے واضح کر دیا ہے کہ صرف وہی تعلیمی ادارے کھلیں گے جہاں تدریسی و غیر تدریسی عملہ مکمل ویکسی نیشن کرا چکا ہو گا جبکہ بچوں کے والدین کو بھی ویکسین لگوانے کی ہدایت کی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.