لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی میں بڑا سپر سٹار بننے کیلئے سب کچھ ہے اور وہ بہترین باؤلر بننے کے سفر پر کامیابی سے گامزن ہیں۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ دنیا میں اس وقت جتنے بھی فاسٹ باؤلرز تیزی سے اپنی پہچان بنا رہے ہیں ان میں شاہین شاہ آفریدی سب سے بہترین ہیں، وہ بہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، ان کا ایکشن زبردست ہے اور کم عمری میں ہی وہ تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں، اس وجہ سے انہیں آرام کا موقع بھی نہیں مل رہا اگر اس کے باوجود ان کی کارکردگی روز بہ روز بہتر ہو رہی ہے۔
انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کی مزید خوبیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لمبے قد کا بہت فائدہ ہو رہا ہے اور وہ نئے گیند کیساتھ سوئنگ کرنا سیکھنے کے علاوہ لمبے سپیل بھی آسانی سے کرنے لگے ہیں، یہی وجہ ہے کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ان میں سپرسٹار بننے کیلئے وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جو ایک فاسٹ باؤلر میں ہونی چاہئیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز برابر ہونے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ کیریبین میں وکٹیں آسان نہیں تھیں اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی فواد عالم کی غیر معمولی بیٹنگ کے باعث پاکستانی ٹیم میچ میں واپس آئی، دوسری صورت میں میچ ہاتھ سے نکل سکتا تھا۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ قومی ٹیم میں بیٹنگ کا مسئلہ نیا نہیں بلکہ بہت پرانا ہے جس کا واحد حل یہ ہے کہ ’اے ٹیم‘ کو مستقل کیا جائے جو مشکل کنڈیشنز میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ میں کھیلے اور وہاں کی صورتحال سے ہم آہنگ ہوں، ان کے باقاعدہ غیر ملکی دورے ہوں اور اگر ایسا نہیں ہو گا تو پھر یہ مسئلہ چلتا رہے گا۔
تبصرے بند ہیں.