افغانستان میں ضرورت پڑنے پر اضافی فورسز بھیجیں گے: جوبائیڈن

200

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے کابل ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر اضافی فورسز بھی افغانستان بھیجی جائیں گی، کابل ائیرپورٹ پر ہونے والا حملہ بھولیں گے نہیں، دھماکوں میں ملوث افراد کو اس کی قیمت چکانی ہو گی۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق جوبائیڈن نے افغانستان کی صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابل ائیرپورٹ پر حملہ کس نے کرایا، ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن حملہ کرنے والوں کو اس کی قیمت چکانی ہوگی، ہم یہ حملہ بھولیں گے نہیں اور نہ معاف کریں گے بلکہ بدلہ لیں گے، کابل حملے کا داعش کو جواب ضرور دیا جائے گا، یہ جواب کب اور کس وقت دینا ہے، اس کا فیصلہ امریکہ کرے گا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ سیکیورٹی ایڈوائزر نے اگر افغانستان میں اضافی سیکیورٹی فورسز بھیجنے کی سفارش کی تو اس پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا تاہم ابھی تک مجھے ایسی کوئی تجویز نہیں دی گئی۔ ہم کابل میں حملہ کرنے والوں کا پیچھا کر کے شکار کریں گے، افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجی ہیرو ہیں جنہوں نے اچھے مقصد کیلئے جان دی۔
دوسری جانب یونائیٹڈ سٹیٹس (یو ایس) سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل فرینک مکینزی کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم داعش کے 2 خود کش حملہ آوروں نے کابل ایئرپورٹ پر حملہ کیا جبکہ دھماکوں کے بعد فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ 
جنرل مکینزی نے کہا کہ زخمیوں کا مختلف ہسپتالوں اور ایئرپورٹ پر علاج جاری ہے، مزید تحقیقات کیساتھ ساتھ امریکی شہریوں کو نکالنے کا مشن جلد مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے تاہم کیساتھ ہی طیاروں کی حفاظت بھی ضروری ہے تاکہ ان پر حملے نہ کئے جا سکیں۔ 

تبصرے بند ہیں.