اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن ہاتھ آسمان پر لے جائے، پاؤں زمین پر لے آئے، خلا میں لٹک جائے، عمران خان جم کر 5 سال کی مدت مکمل کرے گا، عمران خان کی بہتر پالیسیوں کے باعث پاکستان اب پائیدار معاشی ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، آئی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی ترقی میں تاجر برادری اہم کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے متعدد پالیسی اقدامات اٹھا رہی ہے، خواتین کیلئے ایک الگ مارکیٹ کا جلد افتتاح کیا جائے گا جس سے خواتین کے کاروبار کو بہتر فروغ ملے گا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن آئین اور جمہوریت کے دائرے میں رہتے ہوئے جو ایکٹیویٹی کرنا چاہے اس کی اجازت ہے لیکن مفت مشورہ ہے کہ اس خطے میں اب مقامی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ یہاں بین الاقوامی سیاست ہونے جا رہی ہے، اس لئے بات جلسے جلوسوں سے آگے نہیں بڑھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مضبوط معیشت کے علاوہ اپنی سرزمین کسی کو نہ دیں گے اور نہ ہی کسی کو مداخلت کرنے دیں گے کا نعرہ عمران خان نے لگایا ہے، جس میں امتحان کے علاوہ پابندیاں اور دشواریاں ہیں، وزیراعظم عمران خان کی معیشت کو مشکلات سے نکالنے اور کورونا وائرس سے نمٹنے کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان اب پائیدار معاشی ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
بلاول بھٹو جس دن سے پیدا ہوا وہ عدم اعتماد پر چل رہا ہے ،اسے کچھ سمجھ ہی نہیں آرہی، گزشتہ دسمبر سے حکومت چلی جائے گی کا کہہ رہے ہیں لیکن یہ اگلے بجٹ میں بھی عمران خان کو ہی دیکھیں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارتی ایجنسی ”را“ اور افغانستان کی این ڈی ایس پاکستان کیخلاف سازش کر رہی ہیں مگر پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہم نے 70 ہزار جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
Next Post
تبصرے بند ہیں.