شہزاد اکبر نے نذیر چوہان کو معاف کر دیا

155

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے مشیر شہزاد اکبر نے رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کو معاف کر دیا۔

 

مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر اور رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان میں صلح ہو گئی۔ شہزاد اکبر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن نذیر چوہان کے ساتھ صلح نامہ اسٹامپ پیپر پر تحریر کر دیا۔

 

شہزاد اکبر نے اپنے بیان حلفی میں کہا ہے کہ نذیر چوہان نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے جس کے بعد اب مجھے نذیر چوہان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ شہزاد اکبر نے بیان حلفی میں لکھا کہ نذیر چوہان نے بے بنیاد الزامات پر معذرت کر لی ہے اور مشیر داخلہ نے صلح نامہ مقامی عدالت کو بھجوا دیا۔

 

یاد رہے کہ مئی کے وسط میں شہزاد اکبر نے لاہور کے تھانہ ریس کورس میں ایک درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ نذیر چوہان نے ایک ٹی وی چینل پر بیٹھ کر ان کے عقیدے سے متعلق ایسی بات کی ہے جس سے ان کی اور ان کے اہلخانہ کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

 

پولیس نے 29 مئی کو تحریک انصاف کے ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف ہتک عزت، مذہبی عقیدے کو نقصان پہنچانے اور قتل کی دھمکیوں سمیت پانچ الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

 

ایف آئی آر میں شہزاد اکبر نے یہ بھی موقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف پراپیگنڈہ ان کی ملک میں احتساب کے لیے گراں قدر خدمات کے نتیجے میں شروع کیا گیا۔ اور اس کا مقصد احتساب کے عمل کو سست کرنا ہے۔

 

تبصرے بند ہیں.