فرخ حبیب نے نواز شریف پر عمران خان کا فون ہیک کرانے کا الزام عائد کردیا

222

 

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے نواز شریف پر عمران خان کا فون ہیک کرانے کا الزام عائد کردیا ، کہتے ہیں سیاسی مخالفین اور ججز کے فون ٹیپ کرانا نواز شریف کی تاریخ رہی ہے ۔

اپنے بیان میں فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف کی مودی کے ساتھ دوستی تھی ، نواز شریف نے مودی کے ذریعے اسرائیلی سافٹ ویئر کی مدد لی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ان انکشافات پر ہم انہیں کسی صورت بھی خاموشی اختیار نہیں کرنے دیں گے ۔

خیال رہے کہ اسرائیلی کمپنی کی طرف سے جب عمران خان کا فون ہیک کیا گیا اس وقت وہ وزیر اعظم نہ تھے ۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ، ہیکرز کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے پرانے نمبر کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ اسرائیلی ہیکرز کمپنی کی طرف سے بھارتی ایجنسیوں نے چینی صحافیوں ، سکھ علیحدگی پسند رہنمائوں کے بھی ٹیلی فون ہیک کیے اور ڈیٹا کو سفارتی سطح پر ملک دشمن عناصر کیخلاف استعمال کرنے کی کوششیں کی گئیں ، اس کے علاوہ ان کی جانب سے کشمیری حریت رہنماؤں، پاکستانی سفارتکاروں کے نمبروں کو بھی ہیک کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔

گزشتہ روز برطانیہ کے قومی اخبار دی گارڈین اور امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ سمیت دنیا کے 16 اداروں نے مشترکہ تحقیقات کے بعد بتایا تھا کہ اسرائیلی کمپنی کے تیار کردہ جاسوسی کرنے والے سافٹ ویئر کی مدد سے صحافیوں ، سیاستدانوں ، کاروباری شخصیات ، سفرا اور سماجی کارکنوں سمیت 50 ہزار افراد کی جاسوسی کی گئی ۔

ہیکرز کے سافٹ ویئر سے یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کس ملک میں کونسا نمبر داخل کیا گیا ، ایجنسی فرانس پریس ، وال اسٹریٹ جرنل ، سی این این ، نیو یارک ٹائمز ، الجزیرہ ، فرانس 24، ریڈیو فری یورپ ، میڈیا پارٹ ، ایل پاس ، ایسوسی ایٹڈ پریس ، لی مونڈے ، بلومبرگ ، دی اکنامسٹ ، رائٹرز اور وائس آف امریکہ کے ساتھ کام کرنے والوں سمیت متعدد بھارتی صحافیوں کے فون بھی اس فہرست میں شامل ہیں ۔

ہیکرز کی طرف سے پیش کی گئی اس فہرست میں سربراہان مملکت ، وزرائے اعظم ، عرب شاہی خاندانوں کے اراکین ، سفارت کاروں ، سیاستدانوں ، سماجی کارکنوں اور کاروباری شخصیات کے بھی نمبر ہیں ۔ چالیس سے زائد سینئر صحافی ، اپوزیشن رہنماؤں ، سرکاری عہدیداروں اور انسانی حقوق کارکنوں سمیت بھارت کے 300 ٹیلیفون نمبر اس میں شامل ہیں ۔

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.