جنوبی پنجاب کا جداگانہ ترقیاتی پروگرام

200

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بجٹ سیشن کے اختتامی اجلاس میں اپنی بات مکمل کرتے ہوئے یہ شعر پڑھا۔
جنڑے دیوانا ساکوں سڈیندن
اوہی پیامبر ساکوں منیسن
جڈاں شرافت دی رسم چلسی
جڈاں محبت رواج بنڑسی
سرائیکی وسیب کے ماتھے کے جھومر سردار عثمان بزدار نے یہ شعر سنا کر سرائیکی بولنے والوں کے دل جیت لئے ہیں۔ زیر بیان شعر موجودہ حالات و واقعات کی صحیح عکاسی کر رہا ہے۔ اپوزیشن کے لوگ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو اس وقت دیوانا ہی کہتے تھے کہ جب وہ جنوبی پنجاب کے الگ بجٹ کی بات کرتے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے تیسرے بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لئے الگ ترقیاتی پروگرام رکھے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کا الگ اے ڈی پی کا کتابچہ چھاپا گیا ہے۔ یہ سردار عثمان بزدار کی اپنے اس خطے کے لوگوں سے محبت اور اس وعدے کی پاسداری ہے۔ جو انہوں نے ان لوگوں سے کیا ہے۔ وہ بالکل درست کہتے ہیں، ہم نے جو وعدہ کیا وہ پورا کیا۔ انہوں نے اپنی راست گوئی سے جنوبی پنجاب کے سوا تین کروڑ لوگوں کے دلوں میں گھر کر لیا ہے۔
مالی سال 2021-22 کے بجٹ کا مجموعی حجم 2653 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے۔ جو گزشتہ مالی سال سے 18 فیصد زیادہ ہے۔ میرا پختہ یقین ہے کہ یہ بجٹ صوبہ پنجاب کی ترقی، معشیت کے استحکام اور عوام کی خوشحالی کا ضامن ثابت ہو گا۔ خصوصاً یہ ہے کہ امسال بھی ٹیکس فری بجٹ دے کر پچھلے سال کی روایت کو برقرار رکھا گیا ہے۔ یہ اقدام کاروبار کی بحالی اور ترقی کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے۔ جس کا حجم 66 فیصد اضافے کے ساتھ 560 ارب روپے کا بنتا ہے۔ محسن جنوبی پنجاب سردار عثمان بزدار نے رواں مالی سال کے نئے بجٹ میں 189 ارب روپے کا جنوبی پنجاب کا الگ ترقیاتی پروگرام رکھا ہے۔ جس کا مقصد جنوبی پنجاب کے ٹیکس ریونیو کو اب صرف جنوبی پنجاب کے لوگوں پر ہی خرچ کرنا ہے۔ یاد رہے کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے ایک حصے کا باقاعدہ افتتاح ملتان میں ہو چکا ہے۔ جبکہ دوسرے حصے بہاولپور کا افتتاح بہت جلد ہو گا۔ اس سلسلہ میں سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس فائنل ہو چکے ہیں اور جلد نوٹیفکیشن کر دیا جائے گا۔ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے سنہری مستقبل کو بطور خاص مدنظر رکھا گیا ہے۔ جس کے تحت نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے ان کے حق کے مطابق ملازمتوں میں 32 فیصد کوٹہ مختص کر کے منظوری بھی دی جا چکی ہے۔
پنجاب کے موجودہ بجٹ میں صحت کے ترقیاتی بجٹ میں 185 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح عثمان بزدار کا اہم کام یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام ہے۔ جس سے جنوبی پنجاب کی سو فیصد آبادی کو مفت اور معیاری علاج کی سہولت دی جائے گی۔ جنوبی پنجاب کا صحت کا بجٹ بڑھا کر 34190 ملین روپے کیاگیا ہے۔ جس کے ذریعے نئے ہسپتال بنائے جائیں گے۔ ڈی جی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، بہاولپور میں تھیلیسیمیا اور بورن ٹرانسپلانٹ سینٹر کی اپ گریڈیشن، مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال ملتان اور لیہ شامل ہے۔ اسی طرح ہائر ایجوکیشن کے بجٹ میں 286 فیصد اضافے کے بعد جنوبی پنجاب کا بجٹ بھی بڑھ کر 4866 ملین روپے ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ کوہ سلیمان یونیورسٹی راجن پور کا پروجیکٹ مکمل ہو گیا ہے۔ موجودہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کی لیہ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف تونسہ کے لیے بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
خوش آئند بات یہ ہے کہ 29 فیصد زیادہ بجٹ سکول ایجوکیشن کے لیے رکھا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے سکول ایجوکیشن کے لیے 15362 ملین روپے مختص کئے۔ نئے مالی سال میں 8360 سکولوں کی اپ گریڈیشن کی جائیگی۔ جن میں سے 40 فیصد سکول جنوبی پنجاب میں ہیں۔ ان میں گرلز سکولوں کا تناسب 53فیصد ہے، مجموعی طور پر 27ہزار سے زائد سکول اپ گریڈ کیے جائیں گے۔
جنوبی پنجاب کے زراعت کے بجٹ میں 11086ملین روپے رکھے گئے ہے۔ جو 306 فیصد زیادہ رکھا گیا ہے۔ جس کے ذریعے جنوبی پنجاب کی کاٹن بیلٹ کو ایک نئی توانائی حاصل ہو گی۔ فوڈ بحران پر قابو پانے کا حل نکالا گیا ہے۔ اس کے لیے کسانوں کو آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔ کسانوں کی سبزیاں اور پھل مناسب ٹرانسپورٹ اور کولڈ سٹوریج نہ ہونے کی وجہ ضائع ہو جاتے تھے۔ جس کے لئے روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔ جس میں اجناس کی خرید و فروخت میں مڈل مین کا کردار ختم کر کے کسانوں کے استحصال کا باب ہمیشہ کے لئے بند کرنے کا لائحہ عمل بھی شامل ہے۔ اسی طرح صنعت کے بجٹ میں 307 فیصد اضافے کے ساتھ جنوبی پنجاب کے صنعت کا بجٹ 4057 ملین روپے ہو گیا ہے۔ جس سے جنوبی پنجاب کی معاشی ترقی نئے دور میں داخل ہو جائے گی۔
اسی طرح جنوبی پنجاب کے گیارہ ڈسٹرکٹ کا الگ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج پہلی بار متعارف کرایا گیا ہے۔ جو ان اضلاع کی دیرینہ محرومیاں دور کرنے میں ممد و معاون ثابت ہو گا۔ پنجاب کے مالی سال 2021-22 کا بجٹ صوبے کی معاشی ترقی کے حوالے سے ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔ بلاشبہ پنجاب کے معزز ایوان نے نئے بجٹ کے ذریعے جنوبی پنجاب کے ساتھ برسوں سے کی جانے والی ہندسوں کی ہیرا پھیری کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے۔ جس کے لئے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کی دوراندیش قیادت مبارک باد کی مستحق ہے۔ الحمدللہ آج پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں خوشحالی کی جانب بڑھتا پنجاب اور ترقی کرتا جنوبی پنجاب کا خواب پورا ہو رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.