جوہر ٹاؤن بم دھماکہ، کار پارک کرنے والا ملزم راولپنڈی سے گرفتار

133

لاہور: جوہر ٹاؤن بم دھماکہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سیکیورٹی اداروں نے کار پارک کرنے والے ملزم کو راولپنڈی سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد کی شناخت عید گل کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد پہلے سے گرفتار پال ڈیوڈ نے بھی دہشت گرد کی شناخت کر لی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے اس کیس میں پیٹر پال ڈیوڈ کے علاوہ تین مزید ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹر پال ڈیوڈ نے دھماکے میں استعمال ہونے والی کار عید گل کو دی تھی۔ پیٹر پال ڈیوڈ نے یہ کار دھماکے سے سات روز پہلے گوجرانولہ سے خریدی تھی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر جوہر ٹاؤن بم دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں امدادی رقم کی تقسیم کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نے جناح ہسپتال میں جا کر جاں بحق افراد کی فیملی اور زخمی ہونے والوں میں چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایم ایس جناح ہسپتال، اے ڈی سی آر، اے ڈی سی ہیڈ کوارٹرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

جناح ہسپتال میں زیر علاج زخمی صفیہ بی بی کو اس کے جاں بحق خاوند اور بیٹے اور ایک زخمی بیٹے کا 17 لاکھ کا امدادی چیک دیا گیا۔

ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ زخمی عبدالرحمن، محمد انتظار، زاہدہ بی بی اور محمد عاطف علی کو 12 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے گئے جبکہ محمد سعید اور شیخ اظہر کی پراپرٹی کو نقصان ہونے پر ان کو با ترتیب ایک لاکھ اور پانچ لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دیگر ہلاک شدہ، زخمی اور پراپرٹی کو نقصان ہونے والے افراد کی چیک کی تیاری کا عمل جاری ہے۔

ڈی سی لاہور نے بتایا کہ آئندہ ایک دو روز میں ان کو چیک بھی دے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 90 لاکھ روپے کی رقم تقسیم کی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.