غلطی سے سرحد پار کرنے والا چینی شہری انڈیا میں گرفتار، جاسوسی کا الزام

185

نئی دہلی:انڈین افواج نے غلطی سے سرحد پار کرنے والے چینی شہری پر جاسوسی کا الزام عائد کر دیا ہے۔ اس چینی شہری کا نام ہان جن وی بتایا جا رہا ہے۔

جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے مطابق اس حوالے سے انڈین فوج کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں چینی شہری ہان جن وی نے بیان میں واضح طور پر کہا ہے کہ وہ غلطی سے سرحد کراس کر گیا تھا لیکن انڈین حکام نے واپس بھیجنے کی بجائے اسے گرفتار کرکے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کر دیا۔

بھارتی حکام دعویٰ کر رہے ہیں کہ چینی جاسوس کی عمر 36 سال ہے، اسے غیر قانونی طور پر بنگلا دیش کے راستے انڈیا میں داخل ہونے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا ہے، اس کے قبضے سے ایسی حساس معلومات اور آلات ملے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ کوئی عام شہری نہیں بلکہ پوری طرح ٹرینڈ ایک جاسوس ہے۔ خفیہ اداروں نے اس سے تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ چینی شہری ہان جن وی کو انڈیا کی بارڈر سکیورٹی فورسز نے مغربی بنگال کی ملک سلطان پور چیک پوسٹ سے حراست میں لیا تھا۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ہان جن وی کے پاس الیکٹرانک ڈیوائسز، لیپ ٹاپ، آئی فون، مختلف ممالک کے سم کارڈذ، ڈالرز اور اے ٹی ایم کارڈ بھی موجود تھے جنھیں تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

چینی ہان جن وی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ کئی بار بھارت کا دورہ کر چکا ہے، اس مرتبہ وہ اپنے ساتھی کاروباری سے ملنے بنگلا دیش میں تھا، وہاں اس نے غلطی سے انڈین سرحد پار کر لی لیکن حکام اس کی بات تسلیم کرنے کو تیار نہیں اور اس پر جاسوسی کا الزام عائد کر رہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.