آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کردی، پٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ

167

کراچی: پاکستان میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے مطالبات منظور نہ ہونے پر احتجاج کرتے ہوئے ملک گیر ہڑتال شروع کر دی ہے۔

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی وجہ سے پورے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل معطل ہونے کی وجہ سے بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے حکومت سے بارہا مطالبہ کیا کہ ہماری بات سنی جائے لیکن حکومت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ تو ہماری بات سنی اور نہ ہی ملاقات کا وقت دیا۔

بیان میں حکومتی رویے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے حالات میں ہم کاروبار نہیں کر سکتے کیونکہ حکومت ہمارے مطالبات کو تسلیم کرنے کیلئے تیار ہی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومت کے سامنے جو مطالبات رکھے گئے ہیں ان میں انکم ٹیکس ود ہولڈنگ ریٹ تین اعشاریہ پانچ سے کم کرکے 2.5 فیصد کرنے جبکہ انکم ٹیکس کی شرح 3 سے کم کر کے 2 فیصد کرنے کی ڈیمانڈ کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ جو دیگر مطالبات سامنے آئے ہیں ان میں حکومت سے غیر قانونی لوڈنگ کی روک تھام یقینی بنانے، آئل کمپنیوں کو پندرہ دن میں ادائیگیوں کا پابند کرنے اور انکم ٹیکس ود ہولڈنگ ایجنٹ ریٹ میں بھی 1 فیصد کم کرنے کی بات کی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمرشل لوڈنگ روکنے کا اوگرا نوٹیفکیشن پر عمل جبکہ وائٹ آئل پائپ لائن شروع ہونے پر ٹینک لاری کو روڈ کا شئیر دیا جائے۔

اس اہم معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے آئل ٹینکرزایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نے کہا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی طرف سے غیر قانونی ود ہولڈنگ اور کمرشل پر پابندی عائد ہے لیکن اس کے باوجود اس عمل کو روکا نہیں جارہا۔

تبصرے بند ہیں.