نریندر مودی کی مقبوضہ کشمیر سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس آج ہوگی

155

نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مقبوضہ کشمیر سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس آج ہوگی۔ فاروق عبداللہ ،محبوبہ مفتی سمیت مقبوضہ کشمیر کی 6 پارٹیاں اے پی سی میں شریک ہونگی تاہم کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو ملاقات کیلئے نہیں بلایا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق بھارتی ہٹ دھرمی برقرار رہے گی یا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت بحال ہوگی؟ نریندر مودی کی مقبوضہ کشمیر سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) آج ہوگی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کو اس اہم میٹنگ میں مدعو نہیں کیا گیا ہے تاہم محبوبہ مفتی اور فاروق عبداللہ سمیت مقبوضہ کشمیر کی چھ جماعتیں اس میں شرکت کے لیے نئی دلی پہنچ چکی ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں 48 گھنٹوں کیلئے انٹرنیٹ سروس کو معطل کر دیا گیا ہے۔ مقبوضہ وادی کی آئینی حیثیت بدلنے کے بعد مودی سرکار کی کشمیری قیادت سے یہ پہلی ملاقات ہو گی۔

اہم کشمیری رہنما اور سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کی بحالی تک وادی میں امن ممکن نہیں، مسئلہ کشمیر پر پاکستان سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے بات ہونی چاہیے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جارحیت کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔ بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں میں نہتے کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے۔ قابض بھارتی فورسز نے ‘شِرمال ‘ کے علاقے میں سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیری نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کیا۔ بھارتی فوج نے علاقے کو محاصرے میں لے رکھا ہے۔

تبصرے بند ہیں.