پاکستان میں کورونا وائرس مزید 38 زندگیاں نگل گیا، مثبت کیسز کی شرح 2.37 فیصد رہی

171

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 38 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد اس موذی مرض سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 108 ہو گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 46 ہزار 124 کورونا ٹیسٹ کیےگئے جس میں سے ایک ہزار 97 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.37 فیصد رہی جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 51 ہزار 865 تک جا پہنچی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ایکٹو کیسز کی تعداد بتیس ہزار نو سو چھتیس ہے اور آٹھ لاکھ چھیانوے ہزار آٹھ سو اکیس افراد کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔

کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں رپورٹ ہوئی ہیں جہاں دس ہزار چھ سو اٹھاسی افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

صوبہ سندھ میں پانچ ہزار تین سو اڑسٹھ، خیبر پختونخوا چار ہزار دو سو اناسی، اسلام آباد سات سو پچہتر، گلگت بلتستان ایک سو گیارہ، صوبہ بلوچستان میں تین سو تین اور آزاد کشمیر میں پانچ سو چوہتر افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسوں کی تعداد بیاسی ہزار چار سو ستر، خیبر پختونخوا ایک لاکھ سینتیس ہزار تین سو ستر، پنجاب تین لاکھ پینتالیس ہزار چار سو ننانوے، صوبہ سندھ تین لاکھ تیتیس ہزار سات سو اٹھانوے، صوبہ بلوچستان چھبیس ہزار آٹھ سو پینتالیس، آزاد کشمیر بیس ہزار چونسٹھ اور گلگت بلتستان میں پانچ ہزار آٹھ سو انہتر افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔

اس وقت ملک بھر میں شہریوں کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔ سائینو ویک کی 20 لاکھ مزید خوراکیں پی آئی اے کے خصوصی طیارے کر ذریعے اسلام آباد پہنچ گئی ہیں جنہیں جلد دیگر صوبوں کے مراکز میں پہنچایا جائے گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق ویکسین کی یہ خوراکیں چین کی پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی کے تحت کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے لائی گئی ہیں۔

این سی او سی کے زیر نگرانی این ڈی ایم اے بین الاقوامی مارکیٹ سے ویکسینز کی خریداری کے عمل کو دیکھ رہا ہے۔

ویکسین کی یہ خوراکیں تمام صوبوں میں قائم شدہ ویکسین سینٹرز پر پہنچائی جائیں گی جس کے لئے پہلے سے حکومت پاکستان نے انتظامات کر رکھے ہیں۔

سائنو ویک کی اس کھیپ کی آمد کے ساتھ ملک بھر میں عوام کو روزانہ لگائی جانے والی اوسطاً خوراک میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اور زیادہ سے زیادہ لوگ اس وبائی مرض کے خلاف ویکسین لگوا سکیں گے۔

تبصرے بند ہیں.