ممبئی :معروف فلم پروڈیوسر رمیش تورانی نے اعلان کیا کہ اداکار سیف علی خان ایک بار پھر ’ریس‘ فرنچائز میں واپس آگئے ہیں۔ وہ اسکی چوتھی قسط میں جلوہ گر ہوں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تورانی نے بتایا کہ ’ریس 4‘ میں سیف علی خان مرکزی کردار ادا کریں گے اور فلم کی پروڈکشن کا آغاز 2025 میں ہوگا۔
ٹپس فلمز کے بانی رمیش تورانی نے بھارتی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’سیف علی خان فرنچائز میں واپس آ رہے ہیں اور ہم ان کی شمولیت پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے پہلی دو فلموں میں شاندار کام کیا تھا۔ تاہم اب نئی فلم کی کہانی اور کاسٹ پر کام جاری ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم نے ابھی تک ہدایت کار کا انتخاب نہیں کیا، لیکن اگلے سال فلورز پر جانے سے قبل فلم کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔‘‘
’ریس‘ فرنچائز 2008 میں سیف علی خان اور اکشے کھنہ کے ساتھ شروع ہوئی جو اپنے ہائی اوکٹین ایکشن، شاندار لوکیشنز اور پیچیدہ کہانیوں کی وجہ سے مشہور ہے۔
سیف علی خان 2013 میں ’ریس 2‘ میں بھی شامل تھے، جس میں جان ابراہم نے ولن کا کردار نبھایا تھا۔
تاہم، فرنچائز کی تیسری قسط میں سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
پروڈیوسر کے مطابق ’ریس 3‘ نے پچھلی دونوں فلموں کے مقابلے میں زیادہ بزنس کیا لیکن ناقدین سے مثبت ردعمل نہیں ملا۔
رمیش تورانی نے مزید انکشاف کیا کہ وہ 1998 کی ایکشن تھرلر فلم ’سولجر‘ کا سیکوئل بھی بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس میں بوبی دیول اور پریتی زینٹا نے اداکاری کی تھی۔
تبصرے بند ہیں.