امریکی قرارداد کا سخت نوٹس ، قومی اسمبلی میں قرارداد کیلئے مسودہ تیار کرلیا: اسحاق ڈار

14

اسلام آباد :نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کاکہنا ہے کہ    امریکی قرارداد کا سخت نوٹس لیا ہے۔ اس حوالے سے  قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کیلئے مسودہ تیار کرلیا ہے۔

قو می اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا امریکی قرارداد کا سخت نوٹس لیا ہے، اور اس حوالے سے قومی اسمبلی میں ایک قرارداد پیش کی جائے گی، کچھ چیزیں بہت حساس ہیں جن میں تاخیر نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کیلئے مسودہ تیار کرلیا، قرارداد کا مسودہ اپوزیشن کے ساتھ بھی شیئرکریں گے، ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، ہم بھی یہاں بیٹھ کر دوسرے ملکوں کے بارے میں بہت کچھ کہہ سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے اپوزیشن رہنماؤں سمیت تمام جماعتوں سے امریکی قرارداد کے خلاف مشترکہ موقف اپنانے کی اپیل کی۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ میں اپنی حکومت کی پالیسی یہاں پیش کروں گا، یہاں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد پر حکومت نے کچھ نہیں کیا، جس پر میں کہنا چاہوں گا کہ امریکی قرارداد سے متعلق دفترخارجہ نے کل رد عمل دیا تھا جو میں ایوان کو بتانا چاہوں گا۔

اسحاق ڈار نے ایوان کو بتایا کہ دفترخارجہ نے کل امریکی قرارداد کے رد عمل میں کہا پاکستان نے امریکی ایوان نمائندگان میں منظور قرارداد کو نوٹ کیا ہے لیکن قرارداد کی منظوری کا وقت اور سیاق و سباق پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات کے مثبت پہلوؤں سے مطابقت نہیں رکھتے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ نے کہا ’ قرارداد پاکستان میں سیاسی صورتحال اور انتخابی عمل سے نامکمل واقفیت کا نتیجہ ہے، جب کہ پاکستان دنیا کی دوسری بڑی پارلیمانی جمہوریت اور پانچواں بڑا جمہوری ملک ہے، اور پاکستان اپنے قومی مفاد میں قانون کی حکمرانی پر عمل کرتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.