دوران عدت نکاح کیس اپیلیں: سزا معطلی کی درخواستوں پر فیصلہ 27 جون تک کر دیا جائے گا، عدالت

15

اسلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈسیشن عدالت میں دورانِ عدت نکاح کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت   25 جون تک ملتوی کر دی گئی۔ سزا معطلی کی درخواستوں پر فیصلہ 27 جون تک کر دیا جائے گا۔ فریقین کو 27 جون کے بعد مزید دلائل کے لیے وقت نہیں دیا جائے گا۔

 

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد  میں غیر شرعی نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلوں پر سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے سلمان اکرم راجہ اور عثمان ریاض گل  عدالت پیش ہوئے۔پی ٹی آئی رہنما عون عباس بپی ، شاندانہ گلزار اور کنول شوزب بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

 

ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ اسلام آباد  میں عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کی دائر اپیلوں پر آج کی سماعت کا حکمنامہ جاری کر دیا گیا۔ حکمنامہ میں کہا گیا کہ وکیل زاہد آصف نے خاور مانیکا کی جانب سے وکالت نامہ جمع کروایا گیا، وکیل زاہد آصف نے دلائل دینے کے لیے وقت مانگا۔

 

سزا معطلی اپیل پر وکیل سلمان اکرم راجا کے دلائل جزوی طور پر سنے گئے۔عثمان گِل کے مطابق انہوں نےاڈیالہ جیل میں آج کسی کیس میں حاضر ہونا ہے،عثمان گل نے کسی اور روز دلائل دینے کی استدعا کی۔وکیل زاہدآصف نے دلائل دینے کے لیے وقت مانگا۔

 

سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت 25 جون تک ملتوی کی جاتی ہے، 25 جون کو مرکزی اپیلوں پر بھی سماعت مقرر ہے، فریقین کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ سزا معطلی کی درخواستوں پر فیصلہ 27 جون تک کر دیا جائے گا۔فریقین کو 27 جون کے بعد مزید دلائل کے لیے وقت نہیں دیاجائےگا۔

 

آج کی سماعت میں خاور مانیکا کی جانب سے وکیل زاہد آصف چوہدری عدالت پیش ہوئے اور سماعت ملتوی کرنے کی  استدعا  کی،وکیل خاور مانیکا  نے کہا کہ  آئندہ سماعت پر وکالت نامہ بھی جمع کروا دوں گا۔

جس پر جج افضل مجوکا  نے کہا کہ اس کیس کی سماعت ملتوی نہیں ہوسکتی ، 25 جون کو مرکزی اپیلوں پر سماعت ہے اور اس دن لازمی دلائل فائنل کرنے ہیں، آپ موکل سے رابطہ کرلیں اور پاور آف اٹارنی واٹس ایپ کے ذریعے منگوا لیں۔

جج افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا سے استفسار کیا کہ دو سوالوں کے جواب دے دیں، اس کیس میں سزا مختصر نہیں ہے، مختصر دورانیے کی سزا سے متعلق عدالت کی معاونت کریں۔سپریم کورٹ کی دو ججمنٹس ہیں ان میں سے ایک آپ کے حق میں ہے اور ایک آپ کے خلاف۔

جج افضل مجوکا نے سلمان اکرم راجہ ایڈوکیٹ سے استفسار کیا کہ آپ کس ججمنٹ کو فالو کریں گے ؟  جس پر  سلمان اکرم راجہ ایڈوکیٹ  نے کہا کہ ہماری مخالفت میں کوئی بھی ججمنٹ موجود نہیں ہے۔ جج افضل مجوکا نے جواب دیا کہ آپ کے خلاف ایک ججمنٹ موجود ہے۔

 

بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میں آج اپیلوں پر دلائل دوں گا، وکیل شکایت کنندہ نوٹ کر لیں۔بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گِل نے کہا کہ عدالت کی مکمل معاونت کرنے کو تیار ہیں۔

 

خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف نے کہا کہ میں آج دلائل نہیں دے سکتا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے سماعت ملتوی کرنے کی دوبارہ استدعا کر دی۔

 

بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جو اعلیٰ عدلیہ سے بعد میں فیصلہ آیا اس پر بھی عدالت عمل کرے، 1985ء کی آئینی ترمیم کے بعد صورتِ حال تبدیل ہو گئی ہے۔بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گِل نے کہا کہ میں نے اڈیالہ جیل جانا ہے، پیر کو دلائل دوں گا، آج سلمان اکرم راجہ دلائل دیں گے۔

 

جج افضل مجوکا نے کہا کہ پیر کو سماعت کرنا ممکن نہیں، منگل کو سماعت کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.