سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

39

اسلام آباد: مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل اور کونسل آف مسلم سکالرز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

 

تفصیلات کے مطابق انسان دوستی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیت اور ورلڈ مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کے دورےکا مقصد بین المذاہب مکالمے اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

 

اپنے دورہ پاکستان کے دوران وہ فیصل مسجد میں نماز عیدالفطر کی امامت بھی کرائیں گے۔وہ پاکستان میں سیرت النبیؐ میوزیم کا افتتاح کریں گے جس کا مقصد پیغمبر اکرمؐ کی زندگی اور تعلیمات کو واضح کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لانا ہے۔

 

ڈاکٹر العیسیٰ پاکستانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط سفارتی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیں گے۔

 

واضح رہے کہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ طویل عرصے سے اسلام کے بارے میں زیادہ جامع اور روا دار تفہیم کو فروغ دینے میں پیش پیش رہے ہیں، اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے اور مذہبی بقائے باہمی کو فروغ دینے کیلئے ڈاکٹر العیسیٰ کی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔

تبصرے بند ہیں.