لاہور: پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری آج ہولی کا تہوار منا رہی ہے۔
رنگا رنگ تقاریب پر مشتمل رنگوں کا تہوار موسم بہار کی آمد کی نشاندہی کرتا ہے۔بہار کے موسم کی آمد پر منائے جانے والے ہندوؤں کے مذہبی تہوار ہولی کو ’رنگوں کا تہوار‘ بھی کہا جاتا ہے۔خوشیوں بھرا موقع برائی کے مقابلے میں اچھائی کی فتح اور بحالی کی علامت ہے۔
ہولی کی تقریبات دو دن چلتی ہیں، پہلے دن مختلف رسومات ادا ہوتی ہیں اور دوسرے دن رنگ بکھیرے جاتے ہیں، بچے اور بڑے ایک دوسرے پر رنگ پھینکتے ہیں۔
پاکستان بھر میں بالخصوص صوبہ سندھ کے علاقوں مٹھی، حیدرآباد، جیکب آباد، تھرپارکر میں ہندو برادری کی بڑی تعداد ہولی کی تقریب جوشو خروش سے مناتی ہے۔
اس حوالے سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہندو برادری کو’’ہولی‘‘ کے تہوار کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد ، نسلوں،ثقافتوں اور زبانوں کا حسین امتزاج ہے،آئیں ہم سب مل کر ملکی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ ہدف کے لئے کام کریں۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہولی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں پوری دنیا خصوصاً پاکستان میں رہنے والے ہندو برادری کے افراد کو رنگوں کے تہوار’’ہولی‘‘ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد ، نسلوں اور ثقافتوں اور زبانوں کا حسین امتزاج ہے،آئیں ہم سب مل کر ملکی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ ہدف کے لئے کام کریں۔میں دعا کرتا ہوں کہ موسم بہار کی آمد ہم سب کے لیے نئی شروعات، امید اور خوشی کا پیام ثابت ہو۔
تبصرے بند ہیں.