وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم جیالا ہوگا، ن لیگ اور پی ٹی آئی غریب دشمن جماعتیں  ہیں، عوام صرف پی پی کو ووٹ دیں: بلاول 

79

فیصل آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوئی جیل جانے سے بچنے اور کوئی جیل سے باہر نکلنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے۔ پی ٹی آئی اور ن لیگ غریب دشمن جماعتیں ہیں ۔ عوام صرف پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں۔

 

فیصل آباد کے علاقے تاندلیانوالہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  مجھے بہت خوشی ہے پنجاب کی سرزمین فیصل آباد میں پیپلز پارٹی کے جیالوں کے ساتھ کھڑا ہوں ۔ کچھ قوتوں نے سوچا تھا ذوالفقار بھٹو کو بے نظیر بھٹو کو شہید کر کے پیپلز پارٹی کو ختم کر سکتے تھے۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ قوتوں کی سوچ تھی غریب کی آواز کو دبا سکتے ہیں۔ ان سب کو پیغام دینا چاہتا ہوں ہم پیپلز پارٹی والے جیالے ہیں۔  ہم جھکنے والے ڈرنے والے اور پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔  آج بھی تمام سیاسی جماعتوں کا مقابلہ کرنے کیلیے تیار ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو پوری دنیا کو دکھائیں گے پنجاب کا بھٹو زندہ ہے۔ یہ جو انہوں نے اشرافیہ کی سیاسی جماعتیں اس ملک پر اس صوبہ پر مسلط کیں، یہ غریب دشمن کسان دشمن جماعتیں ہیں جب بھی اقتدار میں آتے ہیں ظلم کرتے ہیں۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج غربت اور مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے ۔ جب ذوالفقار بھٹو وزیر اعظم بنا تو غریب کسان اور نوجوان کا نمائندہ بن کر حکومت بنائی تھی۔  بے نظیر عوام کی ،غریب کی وزیر اعظم تھی۔

 

انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر عوامی حکومت اور عوامی راج قائم کرنا ہے ،ایک بار پھر لاہور اور اسلام آباد میں مزدوروں کی حکومت بنانی ہے۔ ایک بار پھر جیالوں کو وزیر اعلی اور وزیر اعظم بنانا ہے۔ آپ کا ساتھ مانگنے آیا ہوں آپ ساتھ دیں۔

تبصرے بند ہیں.