ایف اے ٹی ایف اور بھارت

34

عالمی اِداروں  نے اگر ساکھ بحال رکھنی ہے تو یکساں سلوک کرنا ہوگا بات تب بگڑتی ہے جب دھڑے بندی اور مفاد کومدِ نظر رکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں جس کی ایک مثال اسرائیل ہے جو عالمی ضوابط کی دھجیاں بکھیرنے کے باوجود تادیبی کاروائی سے محفوظ رہتا ہے غزہ میں جاری تباہی دیکھ لیں جنگ کانام دے کر صحت و تعلیم کا نظام تباہ کر دیا گیا ہے خواتین اور بچوں کو جان سے مارنے کے ساتھ ہسپتالوں میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا بے دست وپا مریض تک مار دیے گئے ہیں مگر انسانی حقوق کی پامالی دیکھ کر بھی امریکہ اور مغربی دنیا پشت پناہی کر رہی ہے غزہ میں پانی اور خوراک کی قلت اور قحط جیسے حالات ہیں لیکن اکثر عالمی اِدارے خاموش ہیں یہ جابنداری ظاہر کرتی ہے کہ اسرائیل کو عالمی قوانین سے استثنٰی حاصل ہے خدشہ ہے کہ جنوبی ایشیا میں بھارت کو بھی اسرائیل جیسا مقام مل چکاہے اسی لیے عالمی قوانین کی پامالی کے باوجود بدستور بڑی طاقتوں کا منظورِ نظر ہے جس سے دنیا کے امن و سکون پر تباہ کُن اثرات مرتب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

بھارت اِس وقت ایف اے ٹی ایف کی نظر میں ہے اب دیکھنا ہے کہ یہ عالمی اِدارہ بھارت سے مشکوک مالی معاملات بہتربنانے کا مطالبہ کرتاہے یا نہیں؟ کیونکہ پاکستان سے صرف 27سوالات دریافت کیے گئے اور زیادہ تر کے جوابات دیے جانے کے باوجود گرے لسٹ میں نام شامل کردیاگیا جس پرتب بھی کئی حلقوں نے جانبداری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ منصفانہ سلوک کی بجائے بھارتی ایما پر پاکستان کے لیے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں خود بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر کااعتراف ریکارڈ پر ہے کہ پاکستان کانام گرے لسٹ میں رکھنے کو بھارت نے یقینی بنایا پھر بھی پاکستان نے سوالوں کے جواب دینے کے لیے کئی سخت فیصلے کیے تب جاکر نام گرے لسٹ سے نکالا گیا لیکن آیا یہ اِدارہ اپنے دائرہ عمل میں خود مختار اور غیر جانبدارہے؟اِس سوال کا درست جواب بھارت سے روا سلوک سے ہی ملے گا کیونکہ امریکہ اور مغربی ممالک کے چہیتے بھارت سے دریافت کیے گئے سوالات کی تعداد 330 کے قریب ہے اور اِس حوالے سے جائزہ لینے کے لیے ایف اے ٹی ایف کی ٹیم بھارت میں ہے اگر بھارت سے ترجیحی سلوک کی بجائے غیر جانبداری سے معاملات کو دیکھا گیا تو وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ بھارت منی لانڈرنگ میں ملوث ثابت ہو گاجن کی روشنی میں پابندیاں لگانا ضروری ہوجائے گا۔

ایف اے ٹی ایف بھارت کے مالی معاملات کا جائزہ لے رہا ہے اور اب یہ بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مطمئن کرے کہ بلیک منی کا الزام لغو اور بے بنیاد ہے دنیا کے کئی اِدارے عرصہ سے اشارہ کر رہے ہیں کہ بھارتی بلیک منی کا حجم پچیس لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا ہے جسے اگر ڈالر میں شمار کیاجائے تو یہ رقم لگ بھگ چھ سو ارب ڈالر ہے یہ اعدادو شمار بہت خوفناک ہیں یہ اتنی بڑی رقم ہے جس سے دنیا کے مالی نظام میں رخنہ ڈالنے کے ساتھ دہشت گردی اور منشیات کی خریدوفروخت پر سرمایہ کاری سے عالمی امن تہہ بالا کیا جا سکتا ہے اِس کے باوجود اِتنے بڑے خطرے سے دنیاکی چشم پوشی ناقابلِ فہم ہے اگر اقوامِ عالم تحقیقات کریں تو مذکورہ بالا اعداد و شمار سے بھی زیادہ خراب صورتحال سامنے آ سکتی ہے ایف اے ٹی ایف کی ذمہ داری ہے کہ بھارتی ایما پر فیصلے کرنے کی بجائے معاملات کو دیکھنے کے لیے زیادہ شفافیت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تاکہ کسی ملک کویہ جواز نہ ملے کہ فیصلے دباؤکا شاخسانہ ہیں۔

بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی سے وابستہ کئی اہم سیاسی رہنما منی لانڈرنگ جیسے گھناؤنے کردار میں ملوث ہیں خود وزیرِ اعظم نریندرا مودی پر بھی الزام ہے کیونکہ اُن کے فرنٹ مین گوتم اڈوانی بلیک منی نیٹ ورک کا ایک بڑا کردار ہیں جن کے مالی معاملات کا حجم اربوں ڈالر بتایا جاتا ہے جس کے متعلق بات کرنے پر اروند کجریوال کو حراست میں بھی لیا گیا ممبئی جوئے، بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کا ایسا مرکز ہے جس کے متعلق ماضی میں ایسے شواہد سامنے آچکے ہیں کہ شہرکی بلیک منی مارکیٹ کو سنگھ پریوار جیسی دہشت گرد تنظیم کی سرپرستی حاصل ہے خیر بی جے پی کا ذیلی ونگ کے کرتوتوں پر خاموش رہنا تو مجبوری ہو سکتا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ دنیا کوایسی کیا مجبوری درپیش ہے جو وہ بھارت کے غیر دستاویزی اور ناجائز ذرائع آمدن پر خاموش ہے؟ ایف اے ٹی ایف کی ٹیم کو بھارت سے کسی کوتاہی یا نرمی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے اور اِس بلیک منی کو کِن مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کیا جارہا ہے سوال دریافت کرنے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرناچاہیے بھارت اگر جواب سے مطمئن کرنے کی بجائے اثر و رسوخ سے بچنے کی کوشش کرتا ہے تو گرے لسٹ کی بجائے بلیک لسٹ میں نام ڈال کر غیر جانبداری کو یقینی بنائے وگرنہ اِس اِدارے کی ساکھ سوالیہ نشان بن کر رہ جائے گی۔

عالمی اِدارے مسلسل اقوامِ عالم کی توجہ مبذول کرارہے ہیں کہ بھارت کی بلیک منی مارکیٹ دنیا کے لیے خطرہ ہے انسانی حقوق کا محافظ اِدارہ ایمنسٹی انٹرنیشنل بھی کہہ چکا کہ ایف اے ٹی ایف قواعد کا بہانہ بنا کر مودی اپنے مخالف سیاسی و مذہبی مخالفین کا ناطقہ بند کرنے میں مصروف ہے اسی طرح ہیومن رائٹس واچ جیسا اِدارہ بھی ایف اے ٹی ایف کو مشورہ دے چکا کہ اُس کے قوانین کی آڑ میں بھارت میں مختلف طبقات کا استحصال ہو رہا ہے لیکن یہ اِدارہ خاموش ہے جس سے سوال جنم لیتا ہے کہ ایسی کیا مجبوری ہے کہ ایف اے ٹی ایف کو اپنی ساکھ برقرار رکھنے سے زیادہ بھارتی خوشنودی زیادہ عزیز ہے؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ بھارتی بیلک منی نے سب کو خاموشی پر مجبور کر رکھا ہے اگر معاملات کو بھارتی نظر سے دیکھنے کی روش برقرار رہی تو عالمی اعتماد سے محرومی کا خدشہ حقیقت کاروپ دھار سکتا ہے۔

نیشنل کونسل آف اپلائیڈ اکنامک ریسرچ جیسا اِدارہ بھارت کی سالانہ بلیک منی ایک ہزار ارب ڈالرہونے کادعویٰ کرتا ہے مگر آئی ایم ایف کے جاری اعدادو شمار کے مطابق بلیک منی کا حجم دوہزار ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گیا ہے لیکن معاشی ماہرین کے مطابق حقیقی اعدادو شمار اِس سے بھی زیادہ اور تشویشناک ہیں جو درست جانچ پڑتال سے ہی سامنے آ سکتے ہیں جب بھی ایسا ہوا تو اِس میں کوئی ابہام نہیں رہے گا کہ خطے میں بھارت بلیک منی کا مرکز ہے لیکن عالمی اِدارے دھیان ہی نہیں دے رہے جس سے ترجیحی سلوک کے الزامات درست محسوس ہوتے ہیں مگر دنیا کب تک لاحق خطرات سے چشم پوشی کرتی رہے گی؟ جلد ہی توجہ دینا پڑے گی جب بھی ایسا ہوا تو کینیڈا، ترکی میں ہونے والی قتل و غارت، پاکستان میں کلبھوشن دہشت گردی جیسے نیٹ ورک سمیت جنوبی ایشیا سے لیکر دیگر کئی ممالک میں سیاسی عدمِ استحکام پیدا کرنے کے لیے بلیک منی کے ذریعے بدامنی کو فروغ دینے کا بھارتی گھناؤنا کردار بے نقاب ہو جائے گا امریکی محکمہ خارجہ نے بھی تصدیق کردی ہے کہ فارماسوٹیکل کی صنعتوں کے ذریعے بھارت بڑے پیمانے پر منشیات کے فروغ میں ملوث نیز ڈرونز سے پاکستان میں منشیات سمگل کی جاتی ہیں آئی این سی بی کی رپورٹ کے مطابق بھارت منشیات کے حصول و فروخت کے لیے مشرقی سرحد استعمال کرتا اور فارما سوٹیکل اور کیمیکل صنعتوں کے ذریعے نشہ آور مصنوعات کے غیر قانونی نیٹ ورکس کو فروغ دیتا ہے اسی رپورٹ میں افغانستان سے سستے داموں سالانہ خریدی جانے والی منشیات کی مالیت 650 ارب ڈالر بتائی گئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر منشیات کی بھارتی تجارت کو گولڈن ڈرگ سلک روٹ کا نام دیا گیا ہے ماضی میں بھی بھارت کے عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کے شواہد سامنے آتے رہے لیکن اب تو بڑی کاروباری، سیاسی اور مذہبی لبادہ اوڑھے شخصیات کے ملوث ہونے سے یہ کاروبار بلیک منی کا بڑا ذریعہ بن چکا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ ایف اے ٹی ایف جیسا اِدارہ دہشت گردی اور منشیات فروشی سے حاصل ہونے والی بلیک منی کو کیسے جائز قرار دیتاہے؟۔

تبصرے بند ہیں.