اسلام آباد: نامزد جسٹس فائز عیسیٰ کو بطور چیف جسٹس حلف اٹھانے سے روکنے کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل میں درخواست دائر کردی گئی۔دائر کردہ شکایت میں اعلی عدلیہ کے دیگر چار ججز کیخلاف بھی کارروائی کی استدعا کی گئی۔
شکایت مقامی وکیل ہاشم صابر راجہ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ جسٹس فائز عیسی اپنی اہلیہ کی جائیدادوں کی وضاحت دینے میں ناکام رہے۔
درخواست گزارنے کہا کہ انصاف فراہم کرنے والوں کو شفاف اور کسی بھی الزام سے پاک ہونا چاہیے،جسٹس فائز عیسی کسی بھی طرح جج اور چیف جسٹس کے معیار پر پورا نہیں اترتے، جسٹس فائز عیسی اپنی رائے کیخلاف وکلاء کے دلائل بھی توجہ اور صبرسے نہیں سنتے۔
درخواست میں کہا گیا کہ جسٹس مظاہر نقوی اسٹبلشمنٹ سے ڈیل کے مرتکب ہوئے،ڈیل کے نتیجہ میں پرویز مشرف کو سزا سنانے والی عدالت کا قیام کالعدم قرار دیا گیا۔ ڈیل کے نتیجہ میں ہی جسٹس مظاہر نقوی کو سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا۔
درخواست گزار نے شکایت میں مزید کہا کہ جسٹس امین الدین خان نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفسز میں رشتے دار بھرتی کرائے۔ جسٹس امین الدین خان اختیارات کے ناجائز استعمال کے مرتکب قرار پائے۔
وکیل ہاشم صابر راجہ نے اپنی درخواست میں کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور جسٹس علی ضیاء باجوہ نے بھی اختیارات کا غلط استعمال کیا، دونوں ججز نے اثر رسوخ استعمال کرکے جم خانہ کلب کی ممبرشپ خلاف ضابطہ حاصل کی۔
تبصرے بند ہیں.