اسلام آباد:پٹرول، بجلی، اشیاء خردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب میٹرو بس کا کرایہ بڑھا کر غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ ہونے جا رہا ہے۔ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے ) نے میٹرو کرایہ 30 سے بڑھا کر 50 روپے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے 4 ستمبر کے منعقدہ اجلاس میں میٹرو کا کرایہ 30 روپے سے بڑھا کر 50 روپے کرنے کی منظوری دے دی۔ سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ نئے کرایوں کا اطلاق فوری ہو گا۔
سی ڈی اے بورڈ کو بتایا گیا کہ اتھارٹی سالانہ کروڑوں روپے میٹرو کرائے میں سبسڈی کے طور پر برداشت کر رہی ہے،اس لئے پراجیکٹ کو بحال رکھنے ، ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اور گاڑیوں کی مرمت کیلئے کرایوں میں اضافی ناگزیر ہے۔
میٹرو ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے کرائے میں اضافے بابت نوٹیفکیشن اگلے چوبیس گھنٹے کے اندر جاری کئے جانے کا امکان ہے۔
تبصرے بند ہیں.