لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی عدالتی حکم کے برعکس گرفتاری پر ان کی اہلیہ نے لاہور ہائی کورٹ میں حبس بےجا اور توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے صدر کی اہلیہ کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پرویز الہٰی کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ نے پرویز الہٰی کو نظر بند کرنے سے روک دیا تھا۔ عدالت نے پولیس افسران کو بحفاظت گھر پہنچانے کا حکم دیا تھا اس کے باوجود دونوں پولیس افسران کی موجودگی میں چوہدری پرویز الٰہی کو اٹھایا گیا۔
پرویز الٰہی کی جانب سے دائر درخواست میں مزید کہا گیا کہ دونوں پولیس افسران نے عدالتی حکم کے برعکس چوہدری پرویز الٰہی کی حفاظت نہیں کی، استدعا ہے کہ عدالت ڈی آئی جی انویسٹیگیشن اور ڈی آئی جی آپریشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے ۔
درخواست میں نگراں حکومت پنجاب، چیف سیکریٹری، آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پرویز الہٰی کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم پر 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزلاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے مرکزی صدر پی ٹی آئی کو کسی بھی مقدمہ میں گرفتار کرنے سے بھی روک دیاتھا اور ان کی رہائی کا حکم دیاتھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کو کوئی اتھارٹی، کوئی ایجنسی گرفتار نہیں کرے گی، کسی بھی قانون کے تحت نظر بند بھی نہیں کیا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.