منشیات کی روک تھام کا عالمی دن

154

 

 

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں منشیات کیخلاف آج عالمی دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں منشیات کے استعمال کی روک تھام،غیر قانونی تجارت کے خاتمہ اور اس کی تباہ کاریوں کے سلسلہ میں عوام الناس میں شعور و آگہی پیدا کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے زیر اہتمام آج شام ایف نائن پارک اسلام آباد میں اینٹی ڈرگ آگاہی واک کی جائیگی۔

اے این ایف کے مطابق جون 2022 سے جون 2023 پاکستان کا منشیات کیخلاف عالمی جنگ میں اہم کردار رہا۔ اے این ایف و دیگر اداروں نے سال بھر مجموعی طور پر 266 میٹرک ٹن منشیات قبضہ میں لی۔

اے این ایف کی جانب سے انسداد منشیات کے عالمی دن پر جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صلاحیت مسائل اور بجٹ مشکلات کے باوجود اے این ایف نے منشیات کی ضبطگی میں 59 فیصد حصہ ڈالا۔ جون 2022۔23 کے دوران اے این ایف نے 1 ہزار 678  مقدمات درج کرکے 1 ہزار 652  ملزمان کو گرفتار کیا۔ تمام کاروائیوں میں مختلف اقسام کی 157.551 میٹرک ٹن منشیات قبضہ میں لی گئی۔

اے این ایف کے مقابل دیگر اداروں نے 70 ہزار 891  مقدمات درج ہوئے جبکہ 75 ہزار 95  ملزمان کو گرفتار کیا۔

رپورٹ کے مطابق اے این ایف کے بحالی مراکز میں 1879 منشیات کے مریضوں کا علاج بھی کیا گیا ہے۔ اے این ایف نے رواں سال کراچی میں دو مزید بحالی مراکز (ملیر اور منگوپیر) کو تشکیل دے کر ان کو آپریشنل بنایا۔

اے این ایف نے رواں سال بین الاقوامی ہم منصبوں کے اشتراک سے 8 میری ٹائم آپریشنز بھی کئے۔ میری ٹائم کی کارروائیاں اے این ایف کی فراہم کردہ انٹیلی جنس معلومات پر کھلے سمندر میں کی گئیں۔

طبی و نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی نسل میں نشہ آور اشیا کے استعمال کا رجحان درحقیقت دولت کی انتہائی فراوانی یا انتہائی غربت، دوستوں کی بری صحبت، جنس مخالف کی بے وفائی، اپنے مقاصد میں ناکامی ،حالات کی بے چینی اور مایوسی، والدین کی بچوں کی طرف سے بے اعتناہی،معاشرتی عدم مساوات ناانصافی، والدین کے گھریلو تنازعات بھی نشہ کے آغاز کے اسباب ہوسکتے ہیں۔

اس دن کے منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ایسے اسباب کو دور کیا جائے یا انھیں کم کیا جائے تاکہ نئی نسل منشیات کی لعنت سے بچ سکے۔

تبصرے بند ہیں.