عمران خان نے تین مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی

47

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے تین مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین کے وکلا کی جانب سے دائر درخواستوں میں تھانہ رمنا کے دو اور کوئٹہ کے ایک مقدمے میں 15 روز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی ہے جن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ متعلقہ عدالت میں پیشی کیلئے حفاظتی ضمانت دی جائے۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر ہونے اور فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کے معاملے پر ایڈیشنل رجسٹرار اور پی ٹی آئی رہنماؤں میں دلچسپ مکالمہ ہوا۔ 
ایڈیشنل رجسٹرار نے کہا کہ حفاظتی ضمانت کا اصول ہے کہ ملزم پہلے عدالت میں موجود ہو، تمام ججز گھر جا چکے ہیں آپ کی درخواستوں کیلئے ججز واپس آئیں گے۔ پہلے آپ عمران خان کو لے کر لاہور ہائیکورٹ پہنچیں پھر ہم درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کریں گے۔ پہلے بھی آپ نے درخواست مقرر کرواکر عمران خان کو پیش نہیں کیا تھا۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آپ اس طرح پہلے ہماری دفعہ 144کے نفاذ کے خلاف درخواست کو مقرر کر دیں، زمان پارک کو چاروں اطراف سے پولیس نے گھیر رکھا ہے، دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف پٹیشن کو آج ہی سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔

تبصرے بند ہیں.