میجر (ر) عادل راجا کے شرمناک الزامات پر پاکستانی اداکاراؤں کا شدید ردعمل

195

کراچی: میجر (ر) عادل راجا کے شرمناک الزامات پر پاکستانی اداکاراؤں کا شدید ردعمل ، مقدمہ دائر کرنے کا اشارہ بھی کر دیا ۔

حال ہی میں عادل راجا نے سوشل میڈیا پر جاری وی لاگ میں پاکستان کی ٹاپ ماڈلز اور اداکاراؤں پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ادارے کے پاس ان ماڈلز اور اداکاراؤں کی نازیبا ویڈیوز بھی موجود ہیں۔ عادل راجا نے اداکاراؤں کا نام لینے کے بجائے ان کے ناموں کے ابتدائی حروف بتائے تھے جن میں ایم ایچ، ایم کے، اے کے اور ایس اے شامل تھے ۔

 

بعد ازاں پاکستانی اداکاراؤں کی جانب سے میجر (ر) عادل راجا کے الزامات پر شدید ردعمل کا اظہار دیکھنے میں آیا ۔

 

اپنے ٹویٹر پیغام میں اداکارہ سجل علی نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے کہ ہمارا ملک اخلاقی طور پر پست اور بدصورت ہوتا جا رہا ہے۔ کردار کشی انسانیت کی بدترین شکل اور گناہ ہے۔

اداکارہ کبریٰ خان نے انسٹااسٹوری شیئر کی جس میں درج تھا کہ ’میں شروع میں خاموش رہی کیوں کہ ایک فیک ویڈیو میرے وجود کو نہیں مٹا سکتی لیکن بس اب بہت ہوگیا ہے، آپ کو لگتا ہے کہ کوئی بھی شخص مجھ پر بیٹھے بٹھائے انگلیاں اٹھائے گا اور میں چپ بیٹھوں گی تو آپ کی سوچ ہے لہٰذا مسٹر عادل راجا جب آپ کسی انسان پر الزام لگائیں تو پہلے آپ کے پاس ثبوت ہونا چاہیے‘۔

 

کبریٰ خان نے اپنی اسٹوری میں مزید لکھا کہ ’آپ کے پاس ثبوت سامنے لانے کیلئے صرف 3 دن ہیں جس کیلئے آپ نے حق اور سچ کا دعویٰ کیا ہے، اگر تم نے ایسا نہیں کیا تو اپنا بیان واپس لو اور عوام کے سامنے معافی مانگو ورنہ میں تمہارے خلاف مقدمہ کروں گی اور میں صرف پاکستانی ہی نہیں برطانوی شہری بھی ہوں لہٰذا میں وہاں بھی تمہارے پیچھے پہنچ جاؤں گی کیوں کہ میں سچ پر ہوں، میں حق پر ہوں اور میں کسی کے باپ سے بھی نہیں ڈرتی‘۔

 

دوسری جانب عادل راجا کے الزامات سامنے آنے پر مہوش حیات نے بھی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے کچھ لوگ انسانیت کے درجے سے بھی گرجاتے ہیں امید ہے آپ اپنی 2 منٹ کی شہرت سے لطف اندوز ہوئے ہوں گے کیوں کہ میں اداکارہ ہوں، اس کا مطلب یہ نہیں میرا نام مٹی میں ملا دے، آپ کو اپنے بے بنیاد الزامات پر شرم آنی چاہیے جب کہ آپ کسی شخص کے بارے میں کچھ بھی نہ جانتے ہوں اور زیادہ شرم ان لوگوں کو آنا چاہیے جو آپ کی اس فضولیات پر یقین رکھتے ہیں لیکن اب اسے ختم ہونا چاہیے، کیوں ! میں کسی کو اپنے نام کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دوں گی‘۔

 

 

تبصرے بند ہیں.