لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا کیس خارج ہونے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ردعمل دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’ توہین تو ہوئی ہے اور پوری دنیا کے سامنے ہوئی ہے، سو کیس خارج ہو گیا کہنے کی بجائے یہ کہنا زیادہ مناسب ہے کہ فتنہ کو معافی ملی ہے۔ درگزر ہوا ہے۔‘
توہین تو ہوئی ہے اور پوری دنیا کے سامنے ہوئی ہے، سو کیس خارج ہو گیا کہنے کی بجائے یہ کہنا زیادہ مناسب ہے کہ فتنہ کو معافی ملی ہے۔ درگزر ہوا ہے۔ https://t.co/nVimAUvaaw
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 3, 2022
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے خاتون جج زیبا چوہدری سے متعلق توہین آمیز بیان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس ڈسچارج کر دیا ہے۔
عدالت نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس ڈسچارج کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ بادی النظر میں یہ توہین عدالت تھی مگر عمران خان ڈسٹرکٹ کورٹ گئے، ان کا بیان حلفی دیکھا ہے، عمران خان کے کنڈکٹ سے مطمئن ہیں، عمران خان نے نیک نیتی ثابت کی اور معافی مانگنے کیلئے جج کے پاس گئے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے عمران خان کے بیان حلفی کی منظوری کی مخالفت کرتے ہوئے اعتراض اٹھایا جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ آپ کی سفارشات ہم اپنے تحریری فیصلے میں لکھیں گے، ہم توہین عدالت کا نوٹس ڈسچارج کر کے کارروائی ختم کر رہے ہیں اور یہ لارجر بنچ کا متفقہ فیصلہ ہے۔
تبصرے بند ہیں.