اسلام آباد: وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ججز کو دھمکیاں دیتے ہیں بعد میں معافیاں مانگتے ہیں ، عمران خان کی دہائیاں کسی کام نہیں آئیں گی ، انہیں حساب دینا ہوگا ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنا کر جیلوں میں ڈالا ، عمران خان کو سیاست کرنی نہیں آتی ، وہ دوسروں کو دھمکیاں دیتے ہیں ۔ عمران خان رات کو پاؤں پکڑتا ، روتا ، چیختا اور معافیاں مانگتا ہے ۔ عمران خان سیاست میں بیساکھیوں کے سہارے آئے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سائفر کو بنیاد بنا کر قومی سلامتی سے کھیلے ہیں ، عمران خان کی آڈیولیکس میں یہ بات واضح ہوگئی کہ انہوں نے سوچ سمجھ کر سازش کی ، بیرونی سازش کا پورا کھیل بے نقاب ہوچکا ہے ۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے پروپیگنڈا کیلئے ایک بے بنیاد مفروضہ گھڑا ، چیئرمین پی ٹی آئی نے آڈیولیکس میں واضح کہا سائفر سے کھیلنا ہے اور امریکا کا نام نہیں لینا ۔ انہوں نے کہا کہ آڈیولیک نے وہ کھیل بے نقاب کر دیا جو سابق حکومت نے کھیلا ، 30 ستمبر والی آڈیولیکس میں کہا گیا سائفر کو خط کہیں گے تاکہ عوام کو سمجھ آسکے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے ان کے اتحادی انہیں چھوڑ کرگئے ، جب انہیں معلوم ہوگیا کہ اتحادی چھوڑ رہے ہیں تو سازشی بیانیہ تیار کیا ۔ عمران خان کا امپورٹڈ حکومت اور سازش کا ڈرامہ ٹھوس ہوگیا ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ سیلاب کی آفت سے نمٹنے میں مدد کرنیوالے تمام اداروں کے شکر گزار ہیں ۔ وزیراعظم شہباز شریف آج شام 5 بجے متاثرین کیلئے ڈیش بورڈ کا اجرا کرینگے ، وزیراعظم 2 ماہ سے سیلاب کے چیلنج سے نمٹ رہے ہیں ۔
تبصرے بند ہیں.