پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں عطاءتارڑ کی عبوری ضمانت منظور

21

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی سیشن عدالت نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آئی کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاءاللہ تارڑ کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو 14 ستمبر تک عطاءتارڑ کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطاءتارڑ نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں لاہور کی سیشن عدالت میں درخواست ضمانت دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں نامزد کر دیا ہے جبکہ میں ریکارڈ یافتہ نہیں ہوں، پولیس نے بدنیتی کی بنیاد پر نامزد کیا ہے۔ 
درخواست میں کہا گیا کہ میں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، خدشہ ہے پولیس گرفتار کر لے گی لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔ 
لاہور کی سیشن عدالت نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو 14 ستمبر تک عطاءتارڑ کی گرفتاری سے روک دیا ہے اور آئندہ سماعت پر پولیس سے رپورٹ طلب کرنے کے علاوہ عطاءتارڑ کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت بھی کی ہے۔

تبصرے بند ہیں.