یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

35

لاہور: مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 100 گرام سرخ مرچ کی قیمت میں 84 روپے، 100 گرام مصالحے کی قیمت میں 42 روپے کا اضافہ ہوا ہے جبکہ شہد کی 100 گرام کی بوتل 100 روپے اور ایک کلو اچار کا پیکٹ 57 روپے تک مہنگا ہوگیا ہے۔
اسی طرح یوٹیلیٹی سٹورز پر دلئے، سیریل، نوڈلز، سوئیوں اورنمکو کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ کسٹرڈ، کالی مرچ، میتھی، جام، مشروبات سمیت کئی اشیاءکے دام بھی بڑھ گئے ہیں۔ بچوں کے دودھ کے 800 گرام پیکٹ کی قیمت میں 260 روپے کا اضافہ ہوا ہے جبکہ مختلف مصالحہ جات کی 50 گرام مقدار کی قیمت میں بھی 50 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق مختلف برانڈز کی 900 گرام چائے کی قیمت 400 روپے تک مہنگی ہو گئی ہے جس کی قیمت 905 روپے سے بڑھ کر 1305 روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ ٹی وائٹنر کی قیمتوں میں بھی 100 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔اس کے علاوہ کھیر کا 55 گرام کا پیک 20 روپے، 200 گرام چھوارے 40 روپے اورجھاڑو کی قیمت 9 روپے بڑھ گئی ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت سٹور پر دستیاب اشیاءکا معیار سب سے بہترین اور قیمتیں سب سے کم ہیں، ملک بھر کے تمام سٹورز پر طلب اور رسد کی بہتری کیلئے کچھ برانڈز کی اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور یہ اضافہ برانڈز کی جانب سے ہوا ہے۔ 
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ گھی 300روپے فی کلو، چینی 70 روپے فی کلو، 20 کلو آٹے کا تھیلا 800روپے میں دستیاب ہے جبکہ دالوں اور چاول پر بھی سبسڈی دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب سینکڑوں دیگر برانڈڈ اشیاءبھی عام مارکیٹ سے کم قیمت پرفراہم کی جا رہی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.