گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیلاب اور بارشوں سے مزید 75 افراد جاں بحق

17

اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب اور بارشوں سے مزید 75 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے نے سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سیلاب اور بارشوں سے اب تک 3 کروڑ 30 لاکھ 46 ہزار نفوس پر مشتمل آبادی متاثر ہو چکی ہے۔ 
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ اموات سندھ میں 53 رپورٹ ہوئیں، اسی دوران خیبر پختونخوا میں 16، گلگت بلتستان میں 5، بلوچستان میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1136 تک پہنچ گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک جاں بحق ہونے والے 1136 افراد میں 386 بچے، 501 مرد اور 227 خواتین شامل ہیں اور سب سے زیادہ اموات سندھ میں 402 ہوئی ہیں جبکہ 14 جون سے اب تک بلوچستان میں 244، خیبر پختونخوا میں 258، پنجاب میں 168 اموات ہوئیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب اور بارشوں سے 59 افراد زخمی ہوئے جبکہ اب تک مجموعی طور پر 1634 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 58 ہزار 699 گھر متاثر ہوئے جبکہ اب تک 10 لاکھ 51 ہزار 570 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مزید بتایا کہ سیلاب اور بارشوں سے اب تک 7 لاکھ 35 ہزار 375 مویشی مر چکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور سیلاب سے گلگت بلتستان میں مزید 5 پلوں کو نقصان ہوا ہے جبکہ اب تک 162 پلوں کو نقصان ہو چکا ہے۔

تبصرے بند ہیں.