اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بجلی کے زائد بلوں کے حوالے سے عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اجلاس طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کے اضافی بلوں کے حوالے سے شکایات پر طلب کئے گئے ہنگامی اجلاس میں وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر، معاون خصوصی احد چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو بجلی کے اضافی بلوں کے حوالے سے عوامی شکایات پر ترجیحی بنیادوں پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ خادم پاکستان عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنے عوام کو جوابدہ ہے۔
شہباز شریف نے مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام جلد از جلد سفارشات بھی مرتب کر کے پیش کریں، میں اپنے عوام سے ہمیشہ سچ بولنے کے عہد پر قائم ہوں ، عوام کی شکایات کے ازالے تک چین سے نہ بیٹھوں گا۔
دوسری جانب بجلی کے بلوں میں کئی گنا اضافے کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں، بھکر، منڈی بہاؤ الدین، پنڈدادنخان، کامرہ کینٹ، ہٹیاں حضرو، گوجرانوالہ میں بجلی کمپنیوں کے دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے بجلی کے بل نذر آتش کر دئیے جبکہ سڑکیں اور شاہراہیں بند کر دیں جس کے باعث سیالکوٹ، لاہور اور اندرون شہر آنے والی ٹریفک جام ہو گئی۔
پولیس کی نفری مظاہرین سے مذاکرات کیلئے پہنچی تو مظاہرین نے بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کے خاتمے تک بل جمع نہ کرانے کا اعلان کیا اور کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ واپس لینے سے اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔
Next Post
تبصرے بند ہیں.