عمران خان کو کسی صورت بھی گرفتار نہیں ہونے دیا جائے گا، پی ٹی آئی اجلاس میں فیصلہ

129

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو کسی صورت بھی گرفتار نہیں ہونے دیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں تمام مستعفی ممبران قومی اسمبلی، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی شریک ہوئے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف درج کئے گئے مقدمے کی مذمت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کو کسی صورت گرفتار نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی نے عمران خان کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری میں پنجاب حکومت بڑی رکاوٹ ثابت ہوگی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا منصوبہ مجھے رات گرفتار کرنے کا تھا لیکن اس اقدام سے پارٹی مزید اوپر چلی گئی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ ایسا ہوتا ہے جب میچ پھنسا ہو تو دوسرا فریق پریشر میں آ جاتا ہے جبکہ مراد سعید نے جس طریقے سے لوگوں کو موبلائز کیا، وہ قابل تعریف ہے۔ 
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک مونس الٰہی نے کہا کہ عمران خان کو اسلام آبادپولیس کی سیکیورٹی کی ضرورت نہیں، ان کو پنجاب پولیس سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف درج دہشت گردی کے مقدمے میں 25 اگست تک راہداری ضمانت منظور کی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.