وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

26

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دہشت گردی کے واقعہ میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءفیاض الحسن چوہان نے بھی ہرنائی میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کی اور کہا کہ عوام پاک فوج کے شہداءکے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ 
انہوں نے واقعہ میں شہید ہونیوالے لانس نائیک عاطف اور سپاہی قیوم کی قربانی کو سلام پیش کیا جبکہ زخمی ہونیوالے میجر عمر کی وطن کی خاطر قربانی کو بھی سلام پیش کیا۔
واضح رہے کہ دہشت گردوں نے بلوچستان میں ہرنائی کے قریب خوست میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا جسے پاک فوج کے جوانوں نے پسپا کر دیا اور دہشت گرد فرار ہو گئے۔ 
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کی جوابی کارروائی سے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا قریبی پہاڑوں میں تعاقب کیا گیا اور پہاڑوں میں گھیراؤ کے دوران بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس دوران نائیک عاصف اور سپاہی قیوم نے جام شہادت نوش کیا جبکہ میجر عمر ملک دشمن عناصر سے مقابلہ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے۔ 
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ 75 ویں یومِ آزادی کے موقع پر سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

تبصرے بند ہیں.