اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری برطانوی دارالحکومت لندن روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری حلف اٹھائے بغیر لندن روانہ ہوئے ہیں جس کا مقصد نواز شریف کیساتھ ملاقات کے دوران اختلافی معاملات پر بات چیت کرنا ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ کے معاملے پر (ن) لیگ کیساتھ کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) اور محسن داوڑ کو وزارت ملنے کے بعد حلف اٹھانا چاہتے ہیں جبکہ وہ اتحادی حکومت کے قیام پر نواز شریف کو مبارک باد دینے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی نئی وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز حلف اٹھایا جس دوران بلاول بھٹو زرداری بھی تقریب میں شریک تھے تاہم وہ حلف اٹھانے والوں میں شامل نہ ہوئے اور یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کچھ اختلافات کے باعث انہوں نے حلف نہیں اٹھایا۔
Prev Post
Next Post
تبصرے بند ہیں.