اسلام آباد: مونس الہٰی نے کہا ہے کہ گھر آنے والوں کو ملنا اور ویلکم کرنا ہمارا کام ہے اور وزیراعظم اپنے ساتھیوں سے کہہ دیں گھبرانا نہیں۔
پاکستان میں ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کے حوالے سے منعقدہ عالمی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگ تعلقات بناتے اور نبھاتے ہیں جبکہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور لوگوں سے ملنا ہمارا کام ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کیلئے نئے ڈیمز بنانا بہت ضروری ہے اور جلد کالا باغ ڈیم کا پروپوزل کابینہ میں لے کر جائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز شہباز شریف نے چوہدری برادران سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے تین دور ہوئے اور پہلے دور میں دونوں جانب کی قیادت شریک ہوئی، دوسرے دور میں شہباز شریف، چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی شریک ہوئے، تیسرے دور میں شہباز شریف، شجاعت حسین، پرویزالٰہی، سعد رفیق، ایاز صادق بھی شریک ہوئے، بعد ازاں رانا تنویرکو بھی ملاقات میں شریک کرلیا گیا۔
شہباز شریف نے چوہدری برادران کو اپوزیشن کے فیصلوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد لانےکا فیصلہ کیا ہے، ساتھ دیا جائے اور آپ کے حکومت سے متعلق تحفظات بھی سامنے آتے رہتے ہیں اب بڑا فیصلہ کریں، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان بھی آپ سے ملے ہیں جبکہ اپوزیشن یکسو ہے کہ حکومت کو گھر جانا چاہیے۔
چوہدری برادران کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی صورت حال پر پارٹی مشاورت کریں گے اور آنے والے دن اہم ہیں جبکہ ہم صورت حال کے تناظر میں غور کے بعد لائحہ عمل اختیار کریں گے۔ دونوں جانب کی قیادت نے ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد ملاقات کی۔
تبصرے بند ہیں.