پی ایس ایل 7، پی سی بی کا بچوں کے اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے این سی او سی سے رابطہ

9

لاہور: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) میں 12 سال سے کم عمر بچوں کے اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بار پھر این سی اوسی سے رابطہ کیا ہے۔

 

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ 12 سال سے کم عمر بچوں کو اجازت دلانے کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور اس سلسلے میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اور حکومتی اداروں سے بات چیت جاری ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 12 سال سے کم عمر بچوں کو اجازت نہ ہونے کے باعث فیملیز اسٹیڈیم کم آ رہی ہیں  جبکہ پی سی بی کا مؤقف ہے کہ 12 سال سے کم عمر بچوں کو اجازت ملنے سے تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

 

خیال رہے کہ 10 جنوری کو کیے گئے این سی او سی کے فیصلے کے مطابق صرف 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے۔ اس فیصلے کی روشنی میں 12 سال سے کم عمر بچوں کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے مرحلے کے لیے اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

 

دوسری جانب این سی او سی نے لاہور کے مرحلے کے لیے تماشائیوں کی تعداد کا بھی اعلان کرنا ہے جس کے لیے پی سی بی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد بڑھانے کے لیے بھی کوشاں ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو 50 فیصد فینز کی اجازت ملنے کی اُمید ہے۔ 

 

واضح رہے کہ پی ایس ایل کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہو گا۔

 

 

 

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.