کراچی: کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے پروڈیوسر زلفی خان کو گلوکارہ اور موسیقار نرملا مگھانی نے اپنی دھن چوری کرنے کے الزام میں 10 کروڑ روپے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
قانونی نوٹس میں نرملا مگھانی کے وکیل نے زلفی خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 14 جون 2021ء کو میری موکل نے آپ کو بذریعہ واٹس اپ ’تو میرا رانجھا‘ کی دھن بھیجی جو وائس نوٹ موجود ہیں۔ بعد ازاں آپ کی جانب سے کوئی بات چیت نہیں کی گئی۔
وکیل نے کہا کہ 14 جنوری 2022ء کو جب کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا گانا ’تو جھوم‘ ریلیز کیا گیا تو نرملا پریشان ہو گئیں اس گانے میں وہی دھن استعمال کی گئی تھی جو نرملا نے آپ کو ’تو میرا رانجھا‘ کی صورت میں بھیجی تھی۔
نوٹس میں کہا گیا کہ کاپی رائٹس قانون آپ کو کسی کی دھن بغیر اجازت ٹیلی کاسٹ، براڈ کاسٹ یا یوٹیوب پر اپ لوڈ کرنے کی اجازت نہیں دیتا اور ایسا کرنے سے قبل آپ کو اجازت لینا لازمی ہوتی ہے۔
قانونی نوٹس کے مطابق ’آپ کو حکم دیا جاتا ہے کہ دھن کے استعمال کے لیے میرے موکل سے اجازت یا لائسنس لیں اور جب تک آپ کو اس کی اجازت نہیں دی جاتی برائے کرام ’تو جھوم‘ گانے کو سوشل میڈیا ویب سائٹس، یوٹیوب اور کوک اسٹوڈیو کے البم سے ہٹا دیں۔‘
قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا کہ زلفی خان کو نرملا مگھانی کی دھن کو ’تو جھوم‘ میں استعمال کرنے سے روکا جائے اور اس کی تحریری طور پر ضمانت بھی لی جائے۔ سات روز کے اندر عمل نہ کرنے پر نرملا زلفی کے خلاف اپنے دائرہ اختیار میں مزید قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
دوسری طرف زلفی خان کی کمپنی ’گریف پاکستان‘ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں گزشتہ شام نرملا کی جانب سے قانونی نوٹس موصول ہوا ہے جبکہ ہماری قانونی ٹیم اس پر کام کر رہی ہے اور اس کا جواب دیں گے۔
تبصرے بند ہیں.