31 گیندوں پر سنچری۔۔۔ کرس گیل نے ڈی ویلیئرز کو ’لیجنڈ‘قراردے دیا

52

جوہانسبرگ کا وانڈررز کرکٹ سٹیڈیم 18 جنوری 2015 کو مکمل طور پر گلابی منظر پیش کر رہا تھا۔ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان جاری اس میچ میں چھاتی کے کینسر کی آگاہی کے دن کے طور پر نہ صرف جنوبی افریقی ٹیم گلابی کٹ میں ملبوس تھی بلکہ شائقین میں بھی گلابی رنگ کے ملبوسات کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا۔شائقین اس میچ کے ایک ایک لمحے سے لطف اندوز ہو رہے تھے لیکن اْس وقت کسی کے ذہن میں یہ بات نہیں تھی کہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل کی یادگار اور تاریخ ساز اننگز دیکھنے والے ہیں۔

ڈی ویلیئرز کا یہ 177 واں ون ڈے انٹرنیشنل تھا لیکن ان کی بے چینی اولین میچ جیسی ہی تھی وہ ہر اننگز سے پہلے خود کو نروس محسوس کیا کرتے تھے۔ابھی ڈی ویلیئرز کا ساتھی کھلاڑیوں سے ہنسی مذاق جاری تھا کہ اس دوران رائلے روسو 128 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ جب ڈی ویلیئرز بیٹنگ کے لیے گئے تو ہاشم آملا بھی سنچری بنا چکے تھے۔ دونوں ایک دوسرے کو سکول کے زمانے سے جانتے تھے، لہٰذا دونوں میں بہت زیادہ ذہنی ہم آہنگی تھی۔ دونوں یہی سوچ رہے تھے کہ 350 رنز بن جائیں تو یہ ہدف ویسٹ انڈیز کی پہنچ سے باہر ہو جائے گا۔ڈی ویلیئرز اپنی کتاب میں لکھتے ہیں جب میں بیٹنگ کے لیے گیا تو 69 گیندوں کا کھیل باقی تھا۔ اننگز کا 40 واں اوور آندرے رسل نے کیا جس میں میں نے دو چھکے اور دو چوکے لگائے۔

سکور بورڈ کی طرف نگاہ ڈالی تو پتہ چلا کہ صرف آٹھ گیندوں پر میں 28 رنز بنا چکا تھا۔ عام طور پر میں اننگز کے آغاز میں اس طرح جارحانہ نہیں کھیلتا لیکن مجھے اس طرح کھیلنا اچھا لگ رہا تھا۔ ہاشم آملا اوور کی پہلی گیند پر ایک رن لے کر مجھے موقع دے رہے تھے اور میں آزادانہ سٹروکس کھیل رہا تھا۔ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ ’میں نے جیسن ہولڈر کو دو چھکے لگائے تو سکور بورڈ نے اعلان کیا کہ میں نے صرف 16 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی ہے جو نیا عالمی ریکارڈ تھا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ سری لنکا کے سنتھ جے سوریا کا تھا جنھوں نے 1996 میں پاکستان کے خلاف سنگاپور میں اپنی نصف سنچری 17 گیندوں پر مکمل کی تھی۔ان کی یہ سنچری صرف 31 گیندوں پر مکمل ہوئی تھی۔

اس طرح اْنہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کی تیز ترین سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا جو اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن نے 36 گیندوں پر ویسٹ انڈیز ہی کے خلاف کوئنز ٹاؤن میں قائم کیا تھا۔اے بی ڈی ویلیئرز نے جب یہ عالمی ریکارڈ قائم کیا تو رائل چیلنجرز بنگلور کے اْن کے ساتھی کرس گیل فیلڈنگ کر رہے تھے۔ وہ ان کے قریب سے گزرتے ہوئے بولے ’اے بی، تم لیجنڈ ہو۔‘ اس پر وہ ہنس پڑے اور جواب دیا نہیں، آپ لیجنڈ ہیں۔

ڈی ویلیئرز کی 149 رنز کی شاندار اننگز آخری اوور میں اختتام کو پہنچی تھی جس میں 16 چھکے اور نو چوکے شامل تھے۔سولہ چھکے لگا کر ڈی ویلیئرز نے ایک ون ڈے اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا روہت شرما کا عالمی ریکارڈ بھی برابر کیا تھا (بعد میں کرس گیل بھی اس ریکارڈ میں شامل ہوئے تھے) تاہم 2019 کے عالمی کپ میں انگلینڈ کے اوئن مورگن افغانستان کے خلاف 17 چھکے لگا کر ان تینوں سے آگے نکل گئے۔

تبصرے بند ہیں.