شاہین آفریدی کی کارکردگی بہترین مگر اچھا کپتان بننے میں وقت لگتا ہے: محمد حفیظ

35

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے اپنی کارکردگی سے سب کے دل جیتے ہیں اور وہ کھیل کی باریکیوں کو سمجھتا ہے مگر اچھا کپتان بننے میں وقت لگتا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ میری تمام تر توجہ لیگ کرکٹ پر ہے اور اپنی فارم اور فٹنس کو برقرار رکھنے کیلئے محنت کر رہا ہوں، میں عمان لیگ کے 2 میچز کھیلنے کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ بنوں گا۔ 
شاہین شاہ آفریدی کو لاہور قلندرز کی کپتانی سونپے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے اپنی کارکردگی سے صلاحیتوں کا لوہا منوایا، وہ کھیل کی باریکیوں کو سمجھتا ہے اور ایک اچھا کپتان بن سکتا ہے مگر اس میں وقت لگے گا، جبکہ ابھی سے شاہین شاہ آفریدی کو قومی ٹیم کا کپتان بنانے سے متعلق نہیں سوچنا چاہئے۔ 
محمد حفیظ نے کہا کہ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کیلئے تمام ٹیموں نے ہی اچھے کھلاڑی منتخب کئے ہیں اور جہاں تک لاہور قلندرز کی بات ہے تو اس کے پاس معیاری فاسٹ باؤلرز، سپنرز اور زبردست بلے باز ہیں تاہم فیلڈنگ کے شعبے پر خصوصی توجہ دینا ہو گی کیونکہ ٹی 20 کرکٹ میں اچھی فیلڈنگ جیت کے امکانات بڑھا دیتی ہے۔ 
سابق کپتان نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث پی ایس ایل کو روکنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ منتظمین کے ساتھ اب کھلاڑی بھی کوویڈ صورتحال کے عادی ہوچکے ہیں، اس لئے امید ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام اچھی حکمت عملی مرتب کر کے لیگ کو کامیاب بنائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.