اومی کرون کی شکار خاتون ہسپتال سے گھر منتقل

188

کراچی: روشنیوں کے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ سے متاثرہ خاتون ضلع شرقی کی رہائشی ہیں جنہیں ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق اومی کرون سے متاثرہ خاتون کی عمر 65 سال ہے اور انہوں نے کورونا ویکسی نیشن نہیں کرائی تھی جبکہ ان کی کوئی ٹریول ہسٹری بھی سامنے نہیں آئی ہے، اومی کرون کے شبہ میں خاتون سمیت 4 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق چاروں افراد کو نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جن میں سے ان خاتون سمیت 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جبکہ ایک مریض کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ ان 4 افراد میں سے 2 کو گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ 2 مریض ہسپتال میں زیر علاج ہیں، ان 4 افراد میں سے 1 شخص نے ویکسی نیشن کرائی ہوئی ہے۔
دوسری جانب پارلیمانی سیکرٹری صحت سندھ قاسم سومرو کا کہنا تھا کہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کا ہمارے پاس پہلا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور متاثرہ خاتون جس فلائٹ سے پاکستان آئی ہیں، اس کے تمام مسافروں کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
پارلیمانی سیکرٹری صحت سندھ قاسم سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انٹرنیشنل فلائٹس کھلی ہونے کے باعث اومی کرون ویرینٹ کا ہونا ظاہر تھا۔متاثرہ خاتون کی ٹریول ہسٹری معلوم کی جا رہی ہے اور ان کے رشتہ داروں اور ملنے والوں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔ 
قاسم سومرو کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اومی کرون کے بعض کیسز میں پی سی آر ٹیسٹ پازیٹو نہیں تھے۔اومی کرون ویرینٹ بہت زیادہ تبدیل شدہ ہے جبکہ ہمارے پاس موجود پی سی آر کٹس ڈیلٹا ویرینٹ پر فوکسڈ ہیں۔

تبصرے بند ہیں.