اسلام آباد:پاکستان میں بڑھتی فضائی آلودگی پر وزیر اعظم عمران خان نے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ سموگ سمیت فضائی آلودگی خاموش قاتل ہے ،اس سے بچنے کیلئے تمام شہروں کی انتظامیہ اور سرکاری ادارے آج کے بعد الیکٹرک بسیں خریدیں گے،سموگ میں کمی لانے کے لئے ریجنل ایشو کی حثیت دے کر بھارت سے رابطہ کیا جائے گا ۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت فضائی آلودگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس اسلام اباد میں ہوا ،پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلی، وفاقی اور صوبائی وزرا سمیت اعلی حکام نے شرکت کی ،وزیراعظم کو فضائی آلودگی بالخصوص سموگ کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور اسکے خاتمے کیلئےمعاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے وزیراعظم کو 15 نکاتی ایکشن پلان پیش کرتے ہوئے فضائی آلودگی میں کمی کے لئے پاکستان میں یورو فائیو پٹرول درآمد کرنے سفارش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یورو فائیو کی درآمد تک مقامی آئل ریفائنریز بھی یورو فائیو کے معیار کا پٹرول تیار کریں،اجلاس کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اینٹوں کے بھٹہ مالکان پابندی کے باوجود بجلی بچانے کے لئے پاور پلانٹس استعمال نہیں کرتے، ایکشن پلان کے تحت اینٹوں کے بھٹوں کو بجلی پر منتقل کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اصولی اقدامات اُٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس میں فضائی آلودگی سے بچنے کیلئے فیصلہ کیا گیاکہ فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لئے جدید زرعی طریقہ کار اپنایا جائے ، شہروں میں الیکٹرک وہیکلز پالیسی پر عملدرآمد شروع کروانے کی بھی ایکشن پلان میں سفارش کی گئی ہے،ملک امین اسلم نے کہا کہ صنعتوں کو بھی ماحول دوست پالیسیوں پر عمل درآمد کا پابندی کرنا ہوگی۔
چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد میں مارچ 2022 سے الیکٹرک بسیں سڑکوں پر آ جائیں گی، موٹر سائیکل رکشہ کو بھی الیکٹرک انجن پر منتقل کیا جائے گا،وزیراعظم نے 15 نکاتی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے 1 ماہ کا وقت دے دیا۔
اجلاس میں ملک امین اسلم کو فضائی آلودگی کے حوالے سے قومی سطح پر کوآرڈینیشن کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں،وزیراعظم نے فضائی آلودگی کی مانیٹرنگ کو مزیر سخت کرنے کی ہدایت بھی کی ۔
تبصرے بند ہیں.