پاکستان اور امریکا کو اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے چاہئیں: وزیراعظم عمران خان

88

 

اسلام آباد : امریکی کانگریس کے وفد کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات،وزیراعظم کہتےہیں  پاکستان اور امریکا کو افغانستان میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے روابط کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت ہے۔

 

امریکی کانگریس کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ ہاؤس فارن افیئرز کمیٹی کے چیئرمین کانگریس مین گریگوری میکس، ذیلی کمیٹی برائے ایشیا، بحرالکاہل، وسطی ایشیا اور عدم پھیلاؤ کے چیئرمین کانگریس مین امی بیرا بھی ملاقات میں موجود تھے۔

 

وزیر اعظم نے دونوں اراکین کانگریس کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ انکا دورہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا باعث بنے گا اور دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان انتظامیہ سمیت تمام سطحوں پر مزید اعلیٰ سطح تبادلے ہوں گے،۔ اعلیٰ سطح تبادلے ان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر افغان عوام کی مالی مدد کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

 

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کو دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ صحت، سلامتی، انسداد دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں تعاون کرنا چاہیے۔

تبصرے بند ہیں.