حسن علی رواں سال سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر بن گئے

116

ڈھاکہ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی بنگلہ دیش کیخلاف عمدہ کارکردگی کے بعد رواں سال سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر بن گئے ہیں۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں بالخصوص سیمی فائنل میچ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حسن علی بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ کے دوران بھرپور فارم میں نظر آئے اور اچھا کم بیک کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 
بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں تین وکٹیں حاصل کرنے کے بعد وہ رواں سال ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹ میں 64 انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر بن گئے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی 62 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی اور سری لنکا کے دشمانتھا چمیرا نے 50،50 شکار کر رکھے ہیں۔ 
واضح رہے کہ پاکستان نے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے جس کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی تاہم خوشدل شاہ، فخر زمان ، شاداب خان اور محمد نواز کی پراعتماد بیٹنگ کی بدولت قومی ٹیم یہ میچ 6 وکٹوں سے جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔ 
شاداب خان اور محمد نواز نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 18 گیندوں پر 36 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کے جبڑوں سے فتح چھین لی۔ شاداب خان نے10 گیندوں پر 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 21 رنز بنائے جبکہ محمد نواز نے 8 گیندوں پر 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 18 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ 

تبصرے بند ہیں.