شارجہ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے 23 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے روسٹن چیز اور نکولس پورن کی عمدہ بلے بازی کی بدولت بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 143 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔
شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے۔ نکولس پورن 22 گیندوں پر 4 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 40 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ روسٹن چیز نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے 6 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تمام باؤلرز نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم شوریف الاسلام سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 20 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن نے 27 رنز اور مستفیض الرحمان نے 43 رنز کے عوض 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
قبل ازیں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن خاصی بڑی ہے اور ہم انہیں کم سے کم سکور پر آؤٹ کر کے ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرن پولارڈ کا کہنا تھا کہ آج کرس گیل اوپننگ کریں گے جبکہ لینڈل سمنز کی جگہ روسٹن چیز ٹی 20 انٹرنیشنل ڈیبیو کریں گے اور ہیڈن واش کی جگہ جیسن ہولڈر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے ویسٹ انڈیز کی قیادت کیرن پولارڈ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کرس گیل، ایوین لوئس، نکولس پورن، شیمرون ہیت مائر، اینڈرے رسل، جیسن ہولڈر، ڈوین براوو، روسٹن چیز، عقیل حسین اور روی رامپال شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کی قیادت محمود اللہ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سومیا سرکار، محمد نعیم، لٹن داس، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، عفیف حسین، مہدی حسن، شوریف الاسلام، مستفیض الرحمان اور تسکین احمد شامل ہیں۔
تبصرے بند ہیں.