پاکستان شاہین سعود شکیل کی قیادت میں رواں مہینے سری لنکا کا دورہ کرے گی

135

لاہور: پاکستان شاہین رواں مہینے سری لنکا کا دورہ کرے گی جس کی قیادت بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز سعود شکیل کریں گے جبکہ دورے کے دوران 28 اکتوبر سے 14 نومبر کے درمیان کینڈی اور کولمبو میں دو 4 روزہ اور تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔
سعود شکیل انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ 19 رکنی پاکستان شاہین کے سکواڈ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے عبداللہ شفیق، ارشاد اقبال، حیدر علی، نسیم شاہ، عثمان صلاح الدین اور زاہد محمود بھی شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سلیکٹرز نے سلیکشن کے عمل میں مستقل مزاجی برقرار رکھنے کیلئے ان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا ہے جو حال ہی میں قومی ٹیم میں منتخب تو ہوئے مگر پلیئنگ الیون میں جگہ نہ بنا سکے، ان کھلاڑیوں میں کامران غلام، سلمان علی آغاز اور محمد حارث شامل ہیں۔
سال 2022ءمیں ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے سلیکٹرز نے خیبرپختونخواہ کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز سلمان خان اور سینٹرل پنجاب کے ٹاپ آرڈر بلے باز قاسم اکرم کو بھی سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ اس کے علاوہ سندھ کے 11 سالہ سپنر ابرار احمد، احمد صافی عبداللہ، عرفان اللہ شاہ اور عاکف جاوید کو بھی موقع دیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی اوسط عمر 22 سال ہے جبکہ ان میں وہ کھلاڑی شامل ہیں جو قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں یا پھر قومی ٹیم میں سلیکٹ ہونے کے قریب ہیں۔ دورہ سری لنکا ان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں مزید نکھارنے کا موقع فراہم کرے گا تاکہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کارکردگی دکھانے کیلئے تیار ہو سکیں۔

تبصرے بند ہیں.