پاکستان میں کورونا سے مزید 58 افراد جاں بحق، 2357 نئے کیس رپورٹ

161

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 58 مریض اس مرض میں مبتلا ہو کر موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 27 ہزار 423 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 48 ہزار 151 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 2 ہزار 357 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 32 ہزار 595 تک جا پہنچی ہے، 4 ہزار 561 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4.89 فیصد رہی۔

این سی او سی نے تمام صوبوں کو یکم اکتوبر سے لازمی ویکسی نیشن مہم پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اسد عمر کے زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں وبا کے ٹرینڈ کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ لازمی ویکسی نیشن مہم میں عملدرآمد سمیت کمیٹیوں کو متحرک کرنے کے عمل کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر این سی او سی نے تمام صوبوں بشمول آزاد جموں کشمیر وگلگت بلتستان حکومت کو یکم اکتوبر سے لازمی ویکسی نیشن دورانیہ پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔

اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی اور اپنے صوبوں میں ویکسی نیشن مہم اور اضلاع کی سطح پر ویکسی نیشن کمیٹیوں کو متحرک کرنے پر بریف کیا۔

تبصرے بند ہیں.