امریکی سفارتخانے کے وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

122

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے امریکی سفارتخانے کے اعلیٰ سطحی وفد کی اہم ملاقات ہوئی ہے اور ملاقات مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہوئی ہے۔

 

جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اسلم غوری کے حوالے سے بتایا ہے کہ امیر جے یو آئی سے ملاقات کرنے والے اعلیٰ سطحی وفد میں پولیٹیکل قونصلر، پولیٹیکل آفیسر اور پولیٹیکل اکنامک سیکشن کے چیف شامل تھے۔

 

جے یو آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات میں خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغانستان کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

 
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے افغانستان میں طالبان کے برسر اقتدار آنے اور امریکی انخلا پر کہا تھا کہ وہ اب سپر پاور کہلانے کا حقدار نہیں رہا ہے۔

 

گزشتہ دنوں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنا افغانستان کو تسلیم کرنا ہے جبکہ طالبان سے ہمدردی رکھیں اور فوراً ان کی حکومت کو تسلیم کریں۔ چین اور روس دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں بھی رابطہ رکھنا چاہیے۔ 

 

ان کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کے براہ راست پڑوسی ہیں اور اس کے ساتھ تاریخی رشتے میں منسلک ہیں اور افغانستان میں پر امن اور مستحکم نظام لانے کے لیے تعاون کریں۔

 

تبصرے بند ہیں.