نیویارک: اقوام متحدہ اجلاس میں شرکت کیلئے گئے برازیل کے وزیر صحت مارسیلو کوئیروگا کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ یو این انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر دورے پر آئے تمام وفود کے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق مارسیلو کوئیروگا کے ہمراہ آئے برازیلی وفد کے تمام اراکین کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی انتظامیہ نے فوری طور پر کوئیروگا کو 14 روز کیلئے نیویارک کے ایک ہوٹل میں آئسولیٹ کر دیا ہے جبکہ ان کے ساتھ رابطے میں رہنے والے تمام افراد کو بھی پابند کر دیا گیا ہے کہ وہ کسی سے میل ملاپ نہ کریں۔
مارسیلو کوئیروگا نے اپنی صحت بارے تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جسم میں کورونا کی علامات تو محسوس کر رہے ہیں لیکن فی الحال ان کی طبیعت ٹھیک ہے، اقوام متحدہ کی انتظامیہ نے احتیاطاً انھیں قرنطینہ کر دیا ہے جہاں وہ 14 روز گزاریں گے۔
میڈیا سے ٹیلی فونک گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری کئی ممالک کے وفود کیساتھ ملاقاتیں اور میٹنگز شیڈول تھیں لیکن انھیں کینسل کر دیا گیا ہے، برازیل کا وفد جلد ہی واپس چلا جائے گا لیکن آئسولیٹ ہونے کی وجہ سے میری واپسی بعد میں ہوگی۔
خیال رہے کہ اس وقت پوری دنیا کو کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا سامنا ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک نے ویکسی نیشن کا عمل تقریباً مکمل کر لیا ہے لیکن غریب اور ترقی پذیر ممالک اپنے اہداف حاصل نہیں کر پائیں ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بار بار یہ چیز باور کرائی جا چکی ہے کہ دنیا کو اگر اس موذی مرض کے اثرات سے بچانا ہے تو ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنا ہوگا، بصورت دیگر نظام زندگی نارمل روٹین پر آنے میں مشکل ہوگی۔
تبصرے بند ہیں.