اداکار یوسف خان کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے

169

لاہور: پاکستان کے معروف اداکار یوسف خان کی آج تیرھویں برسی ہے۔ 20 ستمبر 2009 کو دار فانی سے کوچ کرنے والے یوسف خان نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی بہتری کے لئے نمایاں خدمات انجام دیں ۔

اردو اور پنجابی فلموں کے معروف اداکار یوسف خان 10 اگست 1931 کو مشرقی پنجاب کے شہر فیروز پور میں پیدا ہوئے۔ 1954 میں فلم ’’پرواز‘‘سے کیرئیر کا آغاز کیا ۔ان کی پہلی فلم میں اس وقت کی معروف اداکاہ صبیحہ خانم کو ان کے مدمقابل کاسٹ کیا گیا ۔

یوسف خان نے مجرم، حسرت، بھروسہ، فیصلہ اور نیا دور جیسی اردو فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن اس کے بعد ان کو پنجابی فلموں میں نمایا ں مقام ملا اور انہوں نے ملنگی ، یارا نہ ، باؤجی ، ضدی ، وارنٹ ، ہتھکڑی ، جگنی ، شریف بدمعاش،قسمت، جبرو، خطرناک ، حیدر خان اور بڈھا گجر سمیت کئی فلموں میں لازوال کردار ادا کئے ۔

یوسف خان کو فنی خدمات کے اعتراف میں سال 2006 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازاگیا ۔  فلم نگری کا سب سے بڑا اور معتبر ایوارڈ نگار اور 1999 میں نگار ملینئم ایوارڈ بھی انھیں دیا گیا تھا۔

یوسف خان پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کے شدید مخالف تھے، اور اس پر ہر فورم پر آواز بلند کی، مگر بھارتی فلموں کی نمائش کا سلسلہ نہ رک سکا جس پر وہ نہایت دل گرفتہ تھے۔

یوسف خان آج کے روز سال 2009 میں انتقال کرگئے تھے ۔

 

 

تبصرے بند ہیں.