ٹیکس نادہندگان کیخلاف شکنجہ تیار، ہتھکڑیاں بھی لگ سکتی ہیں، ایف بی آر کی وارننگ

135

لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاکستان میں ایسے ڈیڑھ کروڑ افراد کا مکمل ڈیٹا حاصل کر لیا ہے جو ٹیکس نادہندہ ہیں، ان افراد نے خود کو ایف بی آر میں رجسٹرڈ نہ کروایا تو ان کو گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔

ٹیکس نادہندگان کو گرفتار کرنے کے لیے صدارتی آرڈیننس لانے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے ایف بی آر کو ایسے افراد کیخلاف کارروائی کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ کروڑ افراد کی جائیدادیں، بجلی و گیس کے بل سمیت سفری معلومات اکھٹی کی جا چکی ہیں۔ ٹیکس نادہندہ کے خلاف تین مراحل میں کارروائی ہو گی۔ نادرا سے ان کا ریکارڈ اور ایڈریسز بھی منگوا لیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے تمام افراد کی فائلیں تیار کر لی گئی ہیں۔ پہلے مرحلے میں ان کو ان کی فائلیں دکھائیں جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں تھرڈ پارٹی کو ان کے پیچھے بھیجا جائے گا لیکن پھر بھی اگر ایف بی آر میں رجسٹر نہ ہوئے اور ٹیکس ادا نہ کیا تو آخری مرحلے میں ہتھکڑیاں لگا کر حوالات کی ہوا کھلائی جائے گی۔

دوسری جانب اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں سے نصف بھی ٹیکس دینا شروع کر دے تو ٹیکس وصولی حجم 7000 ارب روپے سے زائد ہو سکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.